ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 14.07.20

ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 14.07.20

1454788
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 14.07.20

*** روزنامہ صباح: " صدر ایردوان کی صدر پوتن کے ساتھ ملاقات" کی سرخی سے لکھتا ہے کہ کل صدر رجب طیب ایردوان نے روس کے صدر ولادی میر پوتن کے ساتھ ٹیلی فونک ملاقات کی۔ مذاکرات میں صدر ایردوان اور صدر پوتن نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کے ساتھ ساتھ علاقے میں امن، سلامتی و استحکام کے لئے باہمی ربط و ضبط کے دوام پر اتفاق رائے کا اظہار کیا۔

 

*** روزنامہ حریت نے اپنی خبر کے لئے " چاوش اولو کی طرف سے سخت بیان: آرمینیا ہوش کے ناخن لے" کی سرخی لگائی ہے۔ اخبار لکھتا ہے کہ وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے کل ٹی آر ٹی کی براہ راست نشریات میں ایک روز قبل آذربائیجان۔آرمینیا سرحد پر ہونے والی جھڑپ کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے کہا ہے کہ آرمینیا ہوش کے ناخن لے۔ ہم اپنے تمام امکانات کے ساتھ آذربائیجان کے ساتھ ہیں۔

 

*** روزنامہ اسٹار: "آق سوئے کی طرف سے بوریل کو آیا صوفیہ کے بارے میں ردعمل" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ وزارت خارجہ کے ترجمان حامی آق سوئے نے یورپی یونین کے کمشنر برائے خارجہ تعلقات و سلامتی پالیسی جوزف بوریل کے آیا صوفیہ سے متعلق بیانات کا جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم ایک دفعہ پھر اس بات پر زور دیتے ہیں کہ آیا صوفیہ ترکی کی ملکیت ہے اور اس کی حیثیت کی تبدیلی سمیت ہر طرح کے ردوبدل کا حق صرف ترکی کو حاصل ہے۔ کوئی بھی ترکی کے حق خودمختاری میں مداخلت نہیں کر سکتا۔

 

*** روزنامہ وطن: " چیلک کی طرف سے آیا صوفیہ کے بارے میں بیان" کی سرخی سے لکھتا ہے کہ مرکزی فیصلہ و انتظامی کمیٹی کے اجلاس کے بعد جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے ترجمان عمر چیلک نے جاری کردہ بیان میں آیا صوفیہ کے عبادت کے لئے کھُلنے کے بعد اس کے یونیسکو کے عالمی ورثے کی فہرست میں شامل رہنے یا نہ رہنے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ " آیا صوفیہ بحیثیت مسجد اور بحیثیت پُر احتشام عالمی ثقافتی ورثے کے اپنی شان و شوکت ظاہر کرنا جاری رکھے گی"۔

 

*** روزنامہ خبر ترک: " ہم ماہِ مئی میں تیز ترین بحالی دکھانے والے پہلے تین ممالک میں شامل ہیں" کے سرخی سے لکھتا ہے کہ وزیر صنعت و ٹیکنالوجی مصطفیٰ وارانک نے صنعتی پیداوار کے اعداد و شمار سے متعلق جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ترکی ماہِ مئی میں تیزی سے سنبھلنے والے پہلے تین ممالک میں سے ایک ہے۔ ملک کے صنعتی پیداواری انڈیکس کی تمام ذیلی شقوں کے نتائج مثبت رہے ہیں۔



متعللقہ خبریں