ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 16.07.19

ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 16.07.19

1236552
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 16.07.19

*** روزنامہ وطن: "15 جولائی کی تیسری سالانہ یاد  کے موقع پر ترکی بیدار اور چاق و چوبند " کی سرخی کے ساتھ شائع کردہ خبر میں لکھتا ہے کہ 15 جولائی 2016 کو فتح اللہ دہشت گرد تنظیم فیتو کے حملے کے اقدام  کو ناکام بنائے جانے کے بعد تین سال گزر چکے ہیں۔  اس دن کی یاد کو تازہ رکھنے کے لئے اعلان کردہ "15 جولائی  یومِ جمہوریت اور ملّی اتحاد" کے موقع پر شہداء  کی یاد میں ترکی بھر میں تقریبات اور مارچوں کا اہتمام کیا گیا۔ ہاتھوں میں پرچم لئے سڑکوں اور چوکوں پر نکلنے والے عوام نے "مارشل لاء مردہ باد، جمہوریت زندہ باد" اور "شہید  مر نہیں سکتے وطن تقسیم نہیں ہو سکتا"  کے نعرے لگائے۔ اس دن اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے مرتبہ شہادت پر فائز ہونے والوں کے لئے بھی خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

 

*** روزنامہ خبر ترک: " اپنے شہداء کو فراموش کرنے والوں کے دل مردہ ہو جاتے ہیں" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان نے 15 جولائی 2016 کو فیتو دہشت گرد تنظیم کے حملے کی ایک علامت بن جانے والے اتاترک ائیر پورٹ  سے عوام سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا  ہے کہ  میں، حملے کی رات، اپنے ملک و ملت کے مستقبل کی خاطر طیاروں، ٹینکوں اور گولیوں کے سامنے سینہ سپر ہونے والے ہر فرد کو  احترام اور محبت سے سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا ہے کہ حملے کی رات شہید ہونے والے 251 افراد کو ہم کبھی بھی فراموش نہیں کریں گے کیونکہ جو ملت اپنے شہداء کو فراموش کر دے اس کا دل مردہ ہو جاتا ہے۔

 

*** روزنامہ اسٹار : واشنگٹن پوسٹ پر 15 جولائی کا اعلان" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ امریکہ کے سرفہرست اخبارات میں سے واشنگٹن پوسٹ نے ترک۔امریکن قومی رہنمائی کمیٹی کی طرف سے ایک اعلان شائع کیا ہے  جس میں  فیتو دہشت گرد  تنظیم کو عدالت کے کٹہرے میں لائے جانے  کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اعلان میں اس رات دلیر ترک ملت کے  حملے کے خلاف سینہ سپر ہو نے، 250 سے زائد شہری شہید ہونے  اور 20 ہزار سے زائد کے غازی بننے کی یاد دہانی کرواتے ہوئے فیتو کے سرغنہ کو ترکی کے حوالے کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

*** روزنامہ صباح: "لندن کا ٹی ٹی ایم سب کو اپنی طرف کھینچ رہا ہے " کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ٹرکش ٹریڈ مراکز کے 13 ویں مرکز کی حیثیت سے 12 ستمبر  2018 کو لندن میں کھلنے والا اور تعمیراتی سامان کی فرموں پر مشتمل لندن سیرامک ٹرکش ٹریڈ سینٹر کامیابی سے اپنے راستے پر گامزن ہے۔

 

*** روزنامہ ینی شفق : " ایس۔400 کے معاملے میں ہمارا ہدف مشترکہ پیداوار ہے" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ روس سے ایس۔400 دفاعی سسٹم کا 8 واں طیارہ بھی کل ترکی پہنچ گیا ہے۔ اس  ترسیل کے ساتھ ہم ائیر ڈیفنس سسٹم کے مالک  چند گنے چنے ممالک میں سے ایک بن گئے ہیں۔ صدر ایردوان نے کہا ہے کہ اب ہمارا ہدف روس کے ساتھ ایس۔400 کی مشترکہ پیداوار دینا ہے۔  ہم اس ہدف  کو حاصل کریں گے اور یہی نہیں اس سے بھی آگے جائیں گے۔



متعللقہ خبریں