ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 21.02.19

ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 21.02.19

1149958
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 21.02.19

***روزنامہ وطن "صدر ایردوان  کی طرف سے اہم پیغامات " کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان نے ترکی کے مشرقی بحر روم   میں پیٹرول کی تلاش کے لئے جاری کاروائیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ "انشاءاللہ ہم ملت کو وہ تمام خوشخبریاں سنائیں گے جن کا حسرت سے انتظار کیا جا رہا ہے"۔ صدر ایردوان نے کل آلتن داع کھارا پُرچیک کھیور اولو پارک میں منعقدہ اجتماعی افتتاحی تقریب میں شہریوں سے خطاب میں کہا کہ اس وقت ہمارے ایجنڈے کا موضوع اپنی سرحد پر سکیورٹی زون کا قیام ہے۔ انہوں نے کہا کہ  ترکی   سے 3 لاکھ 10 ہزار مہاجرین اپنے گھروں کو لوٹ گئے ہیں۔

 

*** " وزیر توانائی  و قدرتی وسائل فاتح دونمیز نے علی ایف کے ساتھ ملاقات کی"یہ سرخی لگائی ہے روزنامہ اسٹار نے۔ اخبارلکھتا ہے کہ وزیر توانائی  و قدرتی وسائل فاتح دونمیز ، جنوبی گیس کوریڈور  مشاورتی کمیٹی  کے 5 ویں وزراء اجلاس میں شرکت کے لئے آذربائیجان کے دورے پر ہیں جہاں کل صدر الہام علی ایف نے  ان کے ساتھ ملاقات کی۔ آذربائیجان کے صدارتی دفتر سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات کے دوران علی ایف نے کہا ہے کہ ٹرانس اناطولیہ  قدرتی گیس پائپ لائن TANAP کے ذریعے 1 بلین مکعب میٹر  سے زائد قدرتی گیس ترکی منتقل کی جا چکی ہے۔ مذاکرات میں وزیر توانائی فاتح دونمیز نے بھی کہا ہے کہ ہم مستقبل میں بھی  TANAP اور STAR ریفائنری جیسے بڑے منصوبے جاری رکھیں گے۔

 

*** روزنامہ خبر ترک " ترکی جراحوں کا سرحد پار آپریشن" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ ترکی کی مختلف یونیورسٹیوں سے رضا کارانہ طور پر 6 پروفیسروں نے عراق کے شہر کرکوک میں 30 انتہائی نگہداشت کے مریضوں کے کامیاب آپریشن کر کے انہیں صحت کے راستے پر گامزن کیا ہے۔ غازی، یلدرم بایزید، عثمان غازی، نجم الدین اربقان اور سلجوق یونیورسٹیوں کے مختلف شعبوں سے 6 پروفیسروں  کی رضا کار ٹیم نے کرکوک میں سیمنار اور کانفرنسوں کے دوران طب میں جدتوں کے بارے میں بات کی۔ رضا کار ڈاکٹروں نے مہاجر کیمپوں سمیت شہر کے مختلف ہسپتالوں میں خدمات بھی دیں۔

 

*** روزنامہ حریت "89 ویں جنیوا آٹو موبیل میلے میں گنتی کے دن رہ گئے" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ دنیا کے معروف ترین آٹو موبیل میلوں میں شمار کئے جانے والے89 ویں جنیوا آٹوموبیل میلے کے شروع ہونے میں گنتی کے دن رہ گئے ہیں۔ میلہ 7 سے 17 مارچ  تک جاری رہے گا اور اس میں ہمیشہ کی طرف اس سال بھی ایک سے بڑھ کر ایک رنگا رنگ منظر کی توقع کی جا رہی ہے۔89 واں جنیوا آٹو موبیل میلہ پہلی دفعہ  1905 میں منعقد ہوا اور 1924 میں اسے بین الاقوامی میلے کے طور پر قبول کیا گیا۔ رواں سال کے میلے میں ترکی  سے بھی آٹو موبیل فرمیں شرکت کر رہی ہیں۔

 

*** روزنامہ صباح" استنبول کو ڈون کیشوٹ رُوٹ میں شامل کیا جا رہا ہے" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ ماڈرن یورپ کا پہلا ناول شمار کئے جانے والے "ڈون کیشوٹ" کے مصنف سروینٹس کے متعلق"سروینٹس استنبول میں" کے عنوان سے 2 روزہ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ 22 سے 23 فروری کو جمال رشید  رے کانسرٹ ہال میں اور استنبول میٹرو پولیٹن بلدیہ اور سروینٹس انسٹیٹیوٹ  کے تعاون سے   متوقع تقریب میں استنبول کو باضابطہ طور پر  ڈون کیشوٹ  کے رُوٹ پر واقع شہروں میں شامل کیا جائے گا۔



متعللقہ خبریں