اخبارات کی جھلکیاں

09.03.18

926331
اخبارات کی جھلکیاں

روزنامہ وطن "ایردوان: دہشت گردوں  کے صفائے کے بعد عفرین  کو  بھی اس کے مالکین کے حوالے  کر دیا جائیگا"  کے زیر عنوان  لکھتا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان کا کہنا ہے کہ شامی  علاقے عفرین میں جاری  شاخِ زیتون آپریشن کو علاقے کو محض  دہشت گردوں سے نجات دلانے کے  لیے شروع کیا گیا ہے۔  جناب ایردوان نے بیش تپے مرکزِ ثقافت و کانگرس میں  عائلی و سماجی امور کی وزارت  کے زیرِ اہتمام عالمی یوم نسواں کےحوالے سے منعقدہ ایک  تقریب سے خطاب کرتے  ہوئے کہا کہ جرابلس کی طرح عفرین کو بھی  دہشت گردو ں سے پاک کرنے کے بعد اس کے اصل مالکین کے سپرد کر دیا جائیگا۔

روزنامہ خبر ترک "چاوش اولو کی  جانب سے عراق میں سرحد پار  آپریشن کا اشارہ" کے زیر عنوان  لکھتا ہے کہ وزیرِ خارجہ میولود چاوش اولو  نے بتایا  ہے کہ علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیم PKK  کے خلاف  عراقی حکومت کے ہمراہ ایک مشترکہ سرحد پار   فوجی کاروائی کی جائیگی۔ دو طرفہ مذاکرات کی غرض سے آسڑیا کے دورے پر موجود  چاوش اولو نے  اپنے بیان  میں کہا ہے کہ عراق میں  عام انتخابات کے بعد  دہشت گرد تنظیم PKK کے خلاف  عراقی اور ترک  افواج ایک مشترکہ فوجی آپریشن سر انجام دیں گی،  اس حوالے سے عراقی وزیر اعظم  حیدر العبادی سے   بات چیت ہوئی ہے۔

روزنامہ صباح "ترک وزیرِ دفاع   دورہ ہنگری  پر" جلی سرخی لگاتے ہوئے   لکھتا ہے کہ "وزیر دفاع نورالدین جانیک لی نے   ہنگری کے دارالحکومت بدھا پست میں  اس ملک کی وزارتِ دفاع کا دورہ کیا، جہاں پر انہوں  نے ہنگرین وزیر دفاع  استوان سیمشکو سے  ملاقات  کی اور  بین الاوفود مذاکرات  کی صدارت کی۔ اس موقع پر جانیک لی نے بتایا کہ "اسوقت ترک مسلح افواج خطے میں دہشت گردوں کے خلاف  نبردِ آزما ہیں ، ہماری یہ جنگ خطے  میں  دہشت گردوں کا  مکمل  طور پر صفایا کرنے تک پُر عزم طریقے سے  جاری رہے گی۔"

"ہم ترکی کے شکر گزار ہیں" جلی سرخی لگاتے ہوئے روزنامہ سٹار نے اپنی خبر میں لکھا ہے کہ ہنگری کےو زیر دفاع  استوان   سیمشکو  نے  ان  کے ملک اور یورپ کے تحفظ کے لیے ترکی  کی قربانیوں کا شکریہ ادا کیا۔  ترک وزیر  نورالدین جانیک لی  سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرس میں  سیمشکو  نے کہا  کہ  دوطرفہ مذاکرات میں غیر قانونی نقل مکانی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ  کے معاملات زیر ِ غور آئے ہیں  ،  ہم اس ضمن میں   ترکی کی قربانیوں کو خراج ِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

روزنامہ ینی شفق "مقامی  ای ۔میل سروس کاقیام " عنوان  کے تحت لکھتا ہے کہ  وزارت برائے    مواصلات، جہاز رانی اور خبر رسانی کے  انڈر سیکرٹری غالپ  زیرے  نے بتایا ہے کہ ترک سائنسی ، ٹیکنالوجی و تحقیقاتی ادارے  کے ہمراہ مقامی ای ۔میل سروس  کی تیاری پر کام  جاری ہے جس کا اعلان عنقریب کر دیا جائیگا،  ہم چاہتے ہیں کہ بعض معلومات ترکی کے اندر ہی رہیں۔



متعللقہ خبریں