اخبارات کی جھلکیاں

25/01/17

658648
اخبارات کی جھلکیاں

*** روزنامہ حریت  نے  صدر ایردوان کے دورہ موزمبیق  کا حوالہ دیتے ہوئے لکھاہے کہ  ترک صدر نے  تنزانیہ کے بعد موزمبیق   کا دورہ  کیا  جہاں ان کا استقبال میزبان صدر فلپ  نیو سی نے کیا ۔ملاقات کے دوران دونوں صدور کے درمیان  فتح اللہ گولن تنظیم  کے خلاف آپریشن  کے بارے میں  تبادلہ خیال ہوا ۔ صدر ایردوان نے اس بارے میں   حکومت موزمبیق سے تعاون   کی درخواست کی  اور کہا کہ  یہ تنظیم،  دنیا کے ہر گوشے میں  اپنا جال بچھائے ہوئے ہے  اور اگر موزمبیق نے   اس معاملے میں عجلت پسندی کا مظاہرہ نہیں کیا تو یہ  آستین کے سانپ     آپ کو بھی ڈسنے سے باز نہیں آیئں گے۔

 

***روزنامہ اسٹار  نے" مسئلہ شام کا حل جنگ میں پنہاں نہیں :       ترکی  ،ایران اور روس کا مشترکہ فیصلہ" کے زیر عنوان خبر میں لکھا ہے کہ  قازقستان کے دارالحکومت  آستانہ میں منعقدہ شام اجلاس کے دوران  قازق وزیر خارجہ قائرات عبدالرحمان اوف نے  ایک مشترکہ اعلامیہ پڑھ کر سنا یا جس کی رو سے  شام کی علاقائی سالمیت کے احترام ،خود مختاری اور بقا  کے تحفظ  کا اعادہ کرتےہوئے شام کی خانہ جنگی  کو اقوام متحدہ   کی سلامتی کونسل  کے فیصلوں کے تحت روکنے   اور ان کے سیاسی حل کی تلاش  کو ضروری قرار دیا گیا ۔

اعلامیئے میں  یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ  روس،ایران اور ترکی   شام   میں جنگ بندی کی نگرانی   کرنے کےلیے ایک مشترکہ ڈھانچہ وضع کریں گے۔

 

*** روزنامہ وطن "  تھریسا مے ترکی کا دورہ کریں گی" کے زیر عنوان خبر میں  لکھتا ہے کہ  برطانوی وزیراعظم  تھریسا مے  امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کے بعد  ترکی کا دورہ کریں گی یاد رہے کہ برطانیہ اس وقت یورپی یونین سے مکمل اخراج کی تیاریوں میں مصروف ہے ۔

 امید ہے کہ برطانوی وزیراعظم کے اس دورے کے دوران  دو طرفہ  آزاد تجارتی معاہدے پر غور ہو سکتا ہے ، اس کے علاوہ  داعش کے خلاف جنگ بھی اُن کے دورے میں  زیر بحث موضوعات میں شامل ہوگا۔

 

*** روزنامہ ینی  شفق  نے   ایران ،ترکی کو ہرجانہ ادا کرے گا کے زیر عنوان خبر  میں لکھا ہے کہ بلند نرخوں  پر    ایرانی گیس     کی ترکی برآمد   کے خلاف سن 2012 میں    دائر کردہ  مقدمے میں جیت ترکی کی ہوئی ہے  ۔اس نتیجے  کے ساتھ ہی  ایرانی نائب وزیر پٹرولیئم  اور قومی گیس کمپنی کے   جنرل مینیجر  حامد رضا عراقی   نے  بتایا ہے کہ  اب ہم ترکی کو 13٫3 فیصد رعائیت کے  ساتھ گیس فروخت  کریں گے اور اس کے علاوہ  1٫9 ارب ڈالر  ہرجانہ بھی ترکی کو جلد ہی  ادا کیا جائے گا۔

 

*** روزنامہ صباح     کے مطابق ،   علاقائی و عالمی مسائل کے باوجود  ترک مالیاتی شعبہ ترقی کی جانب گامزن ہے ۔گزشتہ روز نیس ڈیک  میں   استنبول اسٹاک ایکسچینج     کے اعزاز  میں   گھنٹی بجائی گئی ۔ بتایا گیا ہے کہ  نیو یارک اسٹاک ایکسچینج میں   استنبول بازار حصص کےلیے  ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا  اور اس سلسلے میں ٹائمز اسکوائر  میں  آویزاں ایک بڑی اسکرین  پر ترک بازار حصص کے بارے میں   متعارفی فلم بھی دکھائی گئی ۔

 

 

 

 



متعللقہ خبریں