اخبارات کی جھلکیاں

23/03/16

456521
اخبارات کی جھلکیاں

روزنامہ ینی شفق نے" دہشت گردی کی لعنت نے اس بار یورپ کے مرکز کو ہدف بنایا" کے زیر عنوان سرخی چسپاں کرتےہوئے لکھا ہے کہ بیلجیئم کےدارالحکومت برسلز کے ہوائی اڈے اور یورپی یونین کے مرکزی دفتر کے قریب واقع میٹرو اسٹیشنوں پر حملوں کے نتیجے میں 34 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔ ملک بھر میں حفاظتی اقدامات سخت کر دیئے گئے ہیں، پروازیں اور ٹرینوں کی آمدو رفت معطل ہے اور عوام کو گھروں میں رہنے کی تلقین کرتےہوئے ٹیلیفون کی سہولت بھی عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے ۔

روزنامہ حریت کے مطابق، پیرس کے دہشت گرد واقعات میں ملوث صلاح عبدالسلام کی گزشتہ جمعے کے روز گرفتار ی کے بعد خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گزشتہ روز برسلز میں ہونے والے حملے انتقامی کاروائی کا نتیجہ ہو سکتے ہیں۔ دوسری جانب بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ حملے کسی دوسرے گروہ نے مخصوص منصوبہ بندی کے ذریعے کیے ہیں مگر حالات ، صلاح عبداسلام کی گرفتاری اور اس کے فوراً بعد برسلز میں حملوں کو انتقامی کاروائی قرار دے رہے ہیں۔

روزنامہ خبر ترک نے "یورپ کی بلا ویزہ سیاحت زیادہ دور نہیں" کے زیر عنوان سرخی چسپاں کرتےہوئے اپنی خبر میں لکھا ہے کہ ترکی اور یورپی یونین اجلاس کے دوران ترک شہریوں کےلیے یورپ کی بلا ویزہ سیاحت کے آغاز کےلیے یونین نے 72 شرائط ترکی پر عائد کی ہیں جن میں سے 35 کو پورا کر دیا گیا ہے باقی ماندہ 37 شرائط کو 4 مئی تک پورا کرنے کا امکان ہے جس کے بعد یورپی یونین کمیشن، یورپی کونسل کو ترک شہریوں کے لیے بلا ویزے سیاحت کی شرط معاف کرنے سے متعلق ایک قرارداد پیش کرے گا جس کی منظوری کے نتیجے میں یکم جولائی سے ترک شہری بلا ویزہ یورپ کی سیاحت کر سکیں گے۔

روزنامہ صباح کا لکھنا ہے کہ دنیا کے مشہور غیر منقولہ جائیدادوں کی میلے cityscape نے ترکی میں نمائش کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ یہ نمائش کل استنبول کنونشن سینٹر میں لگ رہی ہے جو کہ 26 مارچ تک جا ری رہے گی ۔ اس نمائش میں اندوون اور بیرون ملک سے کثیر تعداد میں سرمایہ کار حصہ لے رہے ہیں جس کی زیارت کے لیے 50سے زائد ممالک کے شہریوں کی آمد متوقع ہے ۔

روزنامہ اسٹار کے مطابق ، جوہری اور قابل تجدید توانائی کے شعبے میں اہم کمپنیوں سے مذاکرات کےلیے ترک وزیر توانائی برات البائراک چین کے دورے پر ہیں ۔ایک موقع پر وزیر توانائی نے کہا کہ سستی اور بر وقت توانائی تک رسائی کےلیے حکومت کوششوں میں مصروف ہے ۔ ترکی میں اس وقت کوئلے ،پن چکیوں اور سورج سے توانائی حاصل کرنے کی استعداد موجود ہے جس سے بجلی کی پیداوار بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔برات البائراک نے کہا کہ ہمیں دس سال کے اندر بجلی کی استعداد کو 50 ہزار میگا واٹ تک بڑھانے کی ضرورت ہے جس کےلیے 100 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی ۔



متعللقہ خبریں