ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں15.12.15

ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں

409797
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں15.12.15

روزنامہ حریت نے "روسی بحری بیڑے کی آبنائے باسفورس میں آمد ترک آبدوز کی زیرنگرانی " کے زیر عنوان سرخی چسپاں کرتےہوئے لکھا ہے کہ روسی بحری بیڑہ سیزر کونی کوف نے آبنائے باسفورس کو ترک آبدوز کی زیر نگرانی عبور کیا کیونکہ اس سے پیشتر اسی بحری بیڑے نے استنبول سے گزرتے وقت بعض اشتعال انگیز حرکات کا مظاہرہ کیا تھا جس کی بنا پر ترک بحریہ کو یہ اقدام اٹھانا پڑا ۔
روزنامہ ینی شفق نے خبر دی ہے کہ عراقی شہر موصل میں تربیتی مقاصد کے تحت موجود ترک فوجیوں نے عراقی فوجیوں کو شمالی عراقی شہر باشیکہ میں فرائض سنبھالنے کا اہل قرار دے دیا ہے جو کہ علاقے کو داعش کے خلاف ممکنہ حملوں سے بچانے میں معاونت فراہم کریں گے۔
روزنامہ اسٹار کا لکھنا ہے کہ ترکی اور یورپی یونین کے درمیان رکنی مذاکرات کے سلسلے میں 17 ویں عنوان پر بحث کا آغاز ہو گیا ہے جس میں بالخصوص زر پالیسیوں کو فوقیت حاصل رہی ۔ ترکی کے کاروباری حلقوں نے ان مذاکرات کو مثبت قرار دیتےہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس کے نتیجے میں فریقین کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا اور غیر ملکی سرمایہ کار ترکی کی جانب راغب ہونگے۔
روزنامہ وطن نے روس ۔ترکی تعلقات کے موضوع پر اپنی ایک خبر میں تحریر کیا ہے کہ سینٹ پیٹرس برگ میں واقع موٹر سازی کے کارخانوں کا پہیہ، ترکی کے خلاف کسٹم پابندیوں کی وجہ سے رکنے ہی والا تھا لیکن بر وقت مداخلت سے اس بات کا امکان ختم ہو گیا ہے ۔سینٹ پیٹرس برگ کی صنعتی پالیسی کمیٹی کے صدر میکسیم میکسین نے بتایا ہے کہ ٹویوٹا کے 11اور جرمن ادارے بوش کے فاضل پرزہ جات سے لدے دو کنٹینرز کو ترکی سے آنے کی اجازت مل گئی ہے ۔
روزنامہ صباح نے وزیر صحت مہمت موذن اولو کے حوالے سے اپنی خبر میں لکھا ہے کہ خاندانی ڈاکٹر کی عوام کو مُیسر سہولت کو از سر نو تبدیل کیا جا رہا ہے۔ جناب موذن اولو نے بتایا کہ صحت سے متعلق نئی پالیسیوں پر 6 ماہ کے اندر عمل درآمد شروع ہوجائے گا جس کے تحت ہر محلے میں موجود شفا خانوں میں اب ایک ایمبولینس اور طبیب دنداں بھی عوام کو خدمت فراہم کرنے کےلیےموجود رہیں گے جن کے نظام الاوقات صبح 8 بجے سے شام 8 بجے تک ہونگے اورجو ہفتے کے سات دن عوام کی خدمت پر مامور رہیں گے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں