ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 15.11.15

ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 15.11.15

417408
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 15.11.15

*** روزنامہ اسٹار " خلوص کا امتحان" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ عراق اور شام سمیت علاقے میں انتظامی خلاء سے فائدہ اٹھا کر اور جھڑپوں کو مہلت جان کر دہشت گردی ایک دفعہ پھر یورپ کے پیٹ میں جا اتری ہے۔ دہشت گرد تنظیم داعش نے پیرس میں 10 ماہ قبل شارلی ہیبڈو پر حملے کے بعد زیادہ بڑے پیمانے پر دہشت پھیلائی ہے۔ اخبار لکھتا ہے کہ اس واقعے کا انطالیہ میں جی۔20 سربراہی اجلاس سے فوراً پہلے پیش آنا توجہ طلب ہے۔ اس وقت جو اہم بات ہے وہ اس سے متعلق عالمی لیڈروں کا موقف ہے۔ یہ موقف دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں ان کے خلوص کو بھی واضح کرے گا۔ جی۔20 کے میزبان ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان امریکہ کے صدر باراک اوباما ، روس کے صدر ولادی میر پوٹن، جرمن چانسلر انگیلا مرکل سمیت مہمان لیڈروں کے ساتھ سب سے پہلے شام اور دہشت گردی کے بارے میں بات کریں گے اور دہشت گردی کے خلاف بلا تفریق اور کلّی طور پر جدوجہد کا مطالبہ کریں گے۔


***روزنامہ صباح " OECD کی طرف سے ترکی کے لئے پُر معنی تحسین" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ اقتصادی تعاون اور ترقیاتی تنظیم OECD کے سیکرٹری جنرل اینگل گوریا نے کہا ہے کہ ترکی نے جی۔20 سربراہی اجلاس کے لئے جامعیت، اطلاق اور سرمائے کی جن ترجیحات کو منتخب کیا ہے وہ OECD کے ایجنڈے سے بالکل ہم آہنگ ہیں۔ گوریا نے کہا ہے کہ ترکی نے ابتدا سے ہی لیبر پاور اور مساوی مواقع جیسے سماجی ایجنڈے کےلئے خود کو وقف کیا ہے اور ہماری ترقی کو سنجیدہ سطح پر متاثر کرنے والے عناصر کے طور پر عدم مساوات کے اخلاقی، سماجی، سیاسی اور اقتصادی نتائج پر توجہ مرکوز کی ہے۔


*** روزنامہ حریت "شامیوں کو پناہ دینے کی وجہ سے ہم آپ کے ممنون احسان ہیں" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے جی۔20 سربراہی اجلاس کے لئے انطالیہ آنے سے قبل روزنامہ حریت کے لئے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ 2.2 ملین شامیوں کو پناہ دینے کی وجہ سے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری ترکی کی ممنون احسان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں مہاجرین کو قبول کر کے ترکی نے جس سخاوت کا مظاہرہ کیا ہے وہ حقیقی معنوں میں قابل تعریف ہے۔ بان کی مون نے مزید کہا کہ میں اپنے اس نقطہ نظر پر بھی زور دیتا ہوں کہ شام کا مسئلہ فوجی طریقے سے حل نہیں ہو گا۔


***روزنامہ ینی شفق "مقامی طیارے دوعان کی تیاری میں گنتی کے دن باقی" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ سامسون میں انیس مئی یونیورسٹی کے ایوی ایشن اور خلائی ٹیکنالوجی کے اطلاق و تحقیقاتی مرکز کی طرف سے بنائے جانے والے طیارے کے ماڈل پر تیار کیا جانے والا طیارہ "دوعان" تربیتی پروازوں میں کامیاب رہا ہے ۔ 2 افراد والا یہ طیارہ دوعان 180 ہارس پاور موٹر کے ساتھ ایک گھنٹے میں 277 کلو میٹر کی رفتار سے 200 فٹ بلندی پر پرواز کی صلاحیت رکھتا ہے۔


***روزنامہ خبر ترک "باورچی خانے میں رقص اور بازی گری" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ کینیڈا کی سرکس سوسائٹی 'لیس 7 ڈاگٹس ڈی لا مائن' نے رقص اور بازیگری کو باورچی خانے تک پہنچا دیا ہے۔ باورچی خانہ اور اس کے اطراف کے نام سے سرکس کا یہ مظاہرہ 23 سے 27 دسمبر کی تاریخوں میں استنبول میں پیش کیا جائے گا۔ ہر چیز کے ساتھ استعمال کے لئے تیار باورچی خانے کے سامنے سرکس کی ٹیم مظاہرہ کرے گی اور لمس، خوشبو اور ذائقے جیسے احساسات سے الہام لے کر بچپن کی یادوں، دو افراد کے درمیان تعلق اور کنبے کی روایات کو فنّی طریقوں سے پیش کرے گی۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں