ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں15۔06۔22

ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں15۔06۔22

314232
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں15۔06۔22

روزنامہ ینی شفق نے " ترکی کا نیک نیتی کا مظاہرہ " کے زیر عنوان اپنی خبر میں اقوام متحدہ کے ہائی کمیشنر برائے مہاجرین انٹونیو گوٹریسر کے بیان کو جگہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ترکی نے شامی پناہ گزینوں کے معاملے میں جو موقف اپنا رکھا ہے ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ انھوں نے ماردن اور شانلی عرفہ کے کیمپوں کا دورہ کرتے ہوئے اسطرف توجہ دلائی کہ اگر ترکی پناہ گزینوں کے معاملے میں فراغدلی سے کام نہ لیتا تو صورتحال ناقابل بیان ہوتی ۔ اقوام متحدہ کی نیک نیت ایلچی مشہور فلم سٹار انجلینا جولی نے بھی ترکی میں موجود شامی پناہ گزینوں کے کیمپوں کا دورہ کیا اور کہا کہ ترکی نے بے یارو مدد گار مہاجرین کو پناہ دے کرمثالی نیک نیتی کا مظاہرہ کیا ہے ۔
روزنامہ سٹار نے فن و ثقافت سے متعلق اپنی خبر میں لکھا ہے کہ ہنگری میں میوزیم نائٹ کی
سر گرمیوں کے دائرہ کار میں دارلحکومت بڈاپسٹ اور دیگر کئی شہروں میں سینکڑوں کی تعداد میں میوزیم اور آرٹس گیلریاں رات بھر کھلی رہیں اور ہزاروں زائرین نے ان کی سیر کی ۔ یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے بڈاپسٹ کے ترک ثقافتی مرکز میں بھی متعدد سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا ۔لوک ناچ کے مظاہرے کیے گئے اور زائرین کو ان کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں ۔انھیں ترک مٹھائیاں اور ترک چائے بھی پیش کی گئی ۔
روزنامہ خبر ترک نے " اگر سلطان بیاضت حامی بھرتے تو اسوقت امریکی ترکی زبان بولتے " جلی سرخی کیساتھ تاریخدان مرات بارد کچی کے بیان کو جگہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ماضی میں امریکہ کے عثمانیوں کی حاکمیت میں آنے کا احتمال موجود تھا لیکن سلطان بیاضت دوئم نے اس احتمال کو مسترد کر دیا ۔ نئی دنیا کے نام سے مشہور امریکہ کی دریافت کرنے والے کرسٹوف کولمبو نے سفر کے لیے یورپ سے مالی امداد نہ ملنے کے بعد سلطان بیاضت دوئم سے رجوع کیا تھا اور ان سے سلطان کے نام پر نئے ممالک دریافت کرنے کے لیے اپنے بحری جہازوں کو ان کے کنٹرول میں دینے کی درخواست کی تھی جسے سلطان بیاضت نے مسترد کر دیا تھا ۔
روزنامہ صباح نے سیر سیاحت سے متعلق اپنی خبر میں لکھا ہے کہ ترکی میں بلو فلیگ بیچیز کی تعداد دس سال میں 2٫5 فیصد اضافے کیساتھ 436تک پہنچ گئی ہے ۔ بین الاقوامی ماحولیاتی تربیتی اوقاف کے اعدادوشمار کیمطابق ترکی بہترین بیچیز کے لحاظ سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔ دریں اثناءکویت کے مشہور بزنس مین یوسف احمدالغانم اپنے سامار نامی موٹر یاٹ فلوٹنگ پیلس کیساتھ بودروم پہنچ گئے ہیں ۔اس یاٹ کو یورپ اور عرب کے امیر ترین بزنس مین ترکی کے سمندروں میں بلیو ٹور کے لیے کرائے پر لیتے ہیں ۔
روزنامہ ملیت نے " شمالی قبرصی ترک جمہوریہ میں سیاحت کو فروغ" عنوان کیساتھ لکھا ہے کہ حالیہ پانچ برسوں میں شمالی قبرصی ترک جمہوریہ آنے والے سیاحوں کی تعداد میں سو فیصد اضافہ ہوا ہے ۔سیاحوں کی تعداد میں اضافےپر قبرصی یونانیوں نے بھی حیرت کا اظہار کیا ہے۔شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے وزیر سیاحت مینتیش گیون دوز نے کہا ہے کہ سیاحت کے شعبے میں اٹھائے جانے والے موثر اقدامات کیوجہ سے سیاحت کے شعبے کو فروغ ملا ہے ۔قبرصی یونانی رکاوٹیں کھڑی کرنے کے بجائے ہماری مدد کریں ۔حالیہ چند برسوں میں شمالی قبرصی ترک جمہوریہ آنے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہو اہے جبکہ قبرصی یونان انتظامیہ جانے والے سیاحوں کی تعداد میں 30 فیصد کمی دیکھی گئی ہے ۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں