ترک اخبارات سے جھلکیاں:07.01.15

ترک اخبارات سے جھلکیاں

175799
ترک اخبارات سے جھلکیاں:07.01.15

روزنامہ اسٹار نے خبر دی ہے کہ مغربی تھریس میں آباد ترک اقلیتی انجمنوں سے متعلق یورپی حقوق انسانی کی عدالت کے فیصلوں کی نافرمانی کرنے پر یونان کے خلاف دوبارہ سے مقدمہ چلایا جائے گا۔ عدالت نے اس حوالے سے ترک اقلیتی انجمنوں کی درخواست پر یونانی حکومت کو گزشتہ دسمبر کی اٹھارہ تاریخ کو آگاہ کر دیا تھا لیکن اس نے عدالت کے تمام فیصلوں کو نظر انداز کر دیا تھا۔
روزنامہ اقشام لکھتا ہے کہ ترک آئل کمپنی نے عالمی کمپنیوں سے تعاون کے نتیجے میں بحیرہ روم اور بحیرہ اسود میں تیل کی تلاش کے کام کو تیز کر دیا ہے ۔ اس سلسلے میں مغربی بحیرہ اسودکے علاقے میں تیل کی تلاش کےلیے نوبل گلوب ٹروٹر نامی ایک بحری جہاز استنبول سے روانہ ہو گیا ہے جسے وزیر توانائی تانیر یلدز نے بندرگاہ سے رخصت کیا ۔
روزنامہ خبر ترک کے مطابق ، مشرقی بحیرہ اسود کے کنارے آباد شہروں ریزے، ترابزون اور آرتوین میں گزشتہ سال سے سفید چائے کی پیداوار شروع کر دی گئی ہے جس کے نتیجے میں اب تک 645 کلو گرام سفید چائے حاصل ہوئی ہے ۔ اس سفید چائے کو ایک غیر ملکی کمپنی نے گیارہ سو ڈالر فی کلوگرام کے حساب سے خرید لیا ہے ۔
روزنامہ حریت کا لکھنا ہے کہ ازمیر کی تحصیل سلچوک میں واقع ایفیس کا تاریخی شہر یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں اس سال جون میں شامل کر دیا جائے گا ۔ اس حوالے سے سلچو کے مئیر زینل باقیجی نے کہا ہے کہ ہم نے سن 1994 میں اس کےلیے درخواست دی تھی جو کہ بائیس سال بعد منظور ہوتی نظر آتی ہے ۔
روزنامہ ملیت کا لکھنا ہے کہ افسانوی کہانیوں کو پردہ سیمیں پر پیش کرنے میں مشہور ہدایت کار ٹم برٹن کی حالیہ فلم بگ آئز کی نمائش استنبول میں منعقد ہونے والے ایک غیر جانبدار عالمی فلمی میلے کے دوران کی جائے گی جو کہ 12 تا 22 فروری کے درمیان منعقد ہوگا۔ یہ فلمی میلہ بعد ازاں 26 فروری تا یکم مارچ کے درمیان انقرہ اور ازمیر میں بھی منعقد کیا جائے گا۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں