ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 10.07.14

ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 10.07.14

124433
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 10.07.14

***روزنامہ ینی شفق " انہوں نے اپنے اساتذہ کو بھی یاد رکھا" کی سرخی کے ساتھ شائع کردہ خبر میں لکھتا ہے کہ صدارتی امیدوار اور وزیر اعظم رجب طیب ایردوان کے صدارتی ویژن دستاویز کی تیاری جاری ہے اور وہ اس ویژن دستاویز کا اعلان کل استنبول میں متوقع اجلاس میں کریں گے۔ اخبار لکھتا ہے کہ اجلاس میں ایردوان کے سیاسی دوستوں کے ساتھ ساتھ ان کے 30 اساتذہ، محلّے کے دوست، 7 اضلاع سے 70 کاروباری حضرات، مارمرائے اور استنبول کے تیسرے ہوائی اڈے جیسے بڑے پروجیکٹوں کے انجینئر وں اور مزدوروں کے نمائندے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یوں اجلاس میں ترکی سے تمام رنگ ایک جگہ جمع ہوں گے۔


*** "غزہ کے مردہ بچے" یہ سرخی لگائی ہے روزنامہ ملّیت نے ۔ اخبار لکھتا ہے کہ اسرائیلی فوج کے غزہ پر فضائی حملوں میں دو دن میں ہلاکتوں کی تعداد 50 سے تجاوز کر گئی ہے اور سینکڑوں کی تعداد میں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں دسیوں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں۔ اخبار کے مطابق ان تازہ ہلاکتوں سے سال 2000 سے لے کر اب تک ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 1407 تک پہنچ گئی ہے۔


***روزنامہ صباح نے اپنے اقتصادیات کے صفحے پر شائع کردہ خبر کے لئے "آبا لی اوعلو امریکہ میں فیکٹری لگا رہی ہے " کی سرخی لگائی ہے۔ اخبار لکھتا ہے کہ دینیز لی کی آبالی اوعلو ہولڈنگ امریکہ میں اپنی پہلی فیکٹری لگائے گی۔ تانبے کی اس فیکٹری پر 42 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی اور اس سے 300 افراد کو روزگار فراہم ہو گا۔ فیکٹری کو ریاست نیو میکسیکو کے علاقے سانٹا ٹیریسا میں واقع صنعتی پارک میں اور تقریباً 24 ہزار مربع میٹر اراضی پر تعمیر کئے جانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ اخبار کے مطابق فیکٹری سال 2015 میں پیداوار دینا شروع کر دے گی۔


*** روزنامہ اسٹار" میلہ 65 ہزار افراد کی میزبانی کرے گا" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ وُوڈ ورک مشینوں کا میلہ استنبول میں 27ستمبر سے یکم اکتوبر کی تاریخوں میں منعقد ہو گا۔ اس میلے کی وساطت سے فرنیچر اور وُوڈ ورک مشینوں، فرنیچر سب انڈسٹری اور فارسٹ انڈسٹری کے شعبوں میں ترکی اور عالمی سطح پر لیڈر فرمیں ایک جگہ جمع ہوں گی۔ اخبار لکھتا ہے کہ گذشتہ سال میلے میں 30 ممالک سے 880 فرموں کے نمائندوں نے شرکت کی تھی اور اس سال میلے کو 12 فیصد وسعت کے ساتھ 14 ہالوں میں منعقد کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ میلے میں 30 سے زائد ممالک سے ایک ہزار کے قریب فرمیں اور فرموں کے نمائندے شرکت کریں گے اور یہ میلہ متعلقہ سیکٹر کی تمام پیش رفتوں اور جدّتوں کا پہلا ایڈریس ہو گا۔ اس کے علاوہ یہ میلہ 90 ممالک سے 65 ہزار سے زائد زائرین کی بھی میزبانی کرے گا۔


***"برآمد کی جانے والی ہر 100 گاڑیوں میں سے 73 یورپی یونین کے لئے" یہ سرخی لگائی ہے روزنامہ وطن نے ۔ اخبار لکھتا ہے کہ ترکی کی آٹوموٹیو سیکٹر انڈسٹری کی برآمدات نے یورپی یونین کی منڈیوں میں سال کے پہلے نصف میں گذشتہ سال کے اسی دورانیے کے مقابلے میں ترقی کی ہے۔ گذشتہ سال کے جنوری سے جون کے دورانیے میں آٹوموٹیو برآمدات کا 69.20 فیصد زرِ مبادلہ یورپی یونین کی منڈیوں سے حاصل ہوا جبکہ سال 2014 کے اسے دورانیے میں یہ شرح 73.80 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔


*** روزنامہ آقشام " ٹینگو رقاص فائنل میں" کی سرخی کے ساتھ اپنے کھیلوں کے صفحے پر فیفا ورلڈ کپ کے بارے میں خبر شائع کی ہے۔ اخبار لکھتا ہے کہ ورلڈ کپ میں ارجنٹائن نے پینلٹی ہٹس کے ساتھ ہالینڈ کو شکست دے دی ہے۔ اخبار کے مطابق ترک ایمپائر جنید چاکر کو بھی پورے میچ میں ادا کردہ کارکردگی کی وجہ سے بہت سراہا گیا ہے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں