چین -بھارت سرحدی جھڑپ شدت اختیار کر گئی،20 بھارتی فوجی ہلاک

بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر بھارت کی جانب سے ایک افسر سمیت 3 فوجیوں کی ہلاکت کا اعلان کیا گیا تھا لیکن بعد ازاں بھارتی فوج نے 20 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی

1437526
چین -بھارت سرحدی جھڑپ شدت اختیار کر گئی،20 بھارتی فوجی ہلاک

چین اور بھارت کے درمیان سرحدی علاقے میں جھڑپ کے نتیجے میں کم از کم 20 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے۔

یہ واقعہ ایک ایسے موقع پر رونما ہوا ہے جب دونوں ملکوں کے درمیان کئی ہفتوں سے سرحد پر تناؤ جاری ہے اور فریقین کی جانب سے اضافے دستے سرحد پر تعینات کردیے گئے تھے۔

ابتدائی طور پر بھارت کی جانب سے ایک افسر سمیت 3 فوجیوں کی ہلاکت کا اعلان کیا گیا تھا لیکن بعد ازاں بھارتی فوج نے 20 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔

یہ جوہری طاقت کے حامل دونوں ملکوں کے درمیان کئی دہائیوں کا سب سے بڑا خونی تصادم ہے کیونکہ اس سے قبل دونوں کے درمیان تنازع میں کبھی کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

خبر ایجنسی ANI کے مطابق، بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ روز  جاری بیان میں کہا گیا کہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران زخمی ہونے والے مزید 17 فوجی انتہائی بلندی پر شدید سردی کی وجہ سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے جس کے بعد مرنے والے فوجیوں کی تعداد 20 ہو گئی ہے۔

بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ واقعہ تبت کے عین سامنے واقع لداخ کے علاقے وادی گلوان میں پیش آیا۔
ساڑھے 3 ہزار کلومیٹر طویل سرحد پر جوہری طاقت کے حامل دونوں ملکوں کی فوجوں کے درمیان مستقل بنیادوں پر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں، یہاں باقاعدہ طور پر سرحد پر حد بندی نہیں کی گئی لیکن کئی دہائیوں سے یہاں ایک بھی ہلاکت نہیں ہوئی تھی



متعللقہ خبریں