بنگلہ دیش : مسافر طیارہ ہائی جیک کرنے کی مسلح کوشش ناکام، ہائی جیکر ہلاک

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ڈھاکا سے دبئی جانے والی پرواز بنگلہ دیش بیمان کے مسافر طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کے بعد چٹاگانگ میں ہنگامی لینڈنگ کی گئی تھی

1151788
بنگلہ دیش : مسافر طیارہ ہائی جیک کرنے کی مسلح کوشش ناکام، ہائی جیکر ہلاک

بنگلہ دیش کے شہر چٹاگانگ میں ایئرپورٹ پر کمانڈو آپریشن کر کے دبئی جانے والے مسافر جہاز کو ہائی جیک کرنے کے کوشش ناکام بنادی گئی اور کارروائی کے دوران مسلح ہائی جیکر ہلاک ہوگیا۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ڈھاکا سے دبئی جانے والی پرواز بنگلہ دیش بیمان کے مسافر طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کے بعد چٹاگانگ میں ہنگامی لینڈنگ کی گئی تھی۔

حکام کے مطابق طیارے میں سوار 134 مسافروں اور 14 افراد پر مشتمل عملے کو جہاز سے بحفاظت اتارنے کے بعد اسپیشل فورسز نے طیارے کو حصار میں لیا تھا۔

بنگلہ دیشی فوج کے مطابق ہائی جیکر نے ہتھیار ڈالنے کے بجائے فائرنگ شروع کردی جس پر جوابی کارروائی میں وہ مارا گیا، ہائی جیکر کی شناخت مہدی کے نام سے ہوئی ہے۔

بنگلہ دیش سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ نعیم حسین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پرواز میں 142 مسافر سوار تھے، تمام افراد خیریت سے ہیں، ملزم کا ذہنی توازن درست نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملزم نے پائلٹ کے سر پر پستول تان لی اور کہا کہ اس کا اپنی بیوی کے ساتھ کچھ تنازع ہے جس کے لیے وہ بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد سے بات کرنا چاہتا ہے۔

سول ایوی ایشن سیکریٹری محب الحق کے مطابق کیبن کریو ممبر کی جانب سے بروقت الارم بجائے گئے جس پر حکام نے بروقت کارروائی کی۔

پولیس کے مطابق یہ جہاز ہائی جیکنگ کا واقعہ نہیں ہے ملزم نے بنگلہ دیشی وزیراعظم سے بات چیت کرنے کے لیے یہ ڈرامہ رچایا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے فضائی کمپنی کے طیارے کے اغوا ہونے کی اطلاعات من گھڑت اور بے بنیاد نکلی تھیں۔

                           



متعللقہ خبریں