پاکستان کی معاونت سے طالبان اورامریکی حکام کےدرمیان مذاکرات اختتام پذیر، رابطہ جاری رکھنے کا فیصلہ

ذرائع کا کہنا ہے کہ زلمےخلیل زاد نے مذاکرات کی پیش رفت پر افغان حکام کو آگاہ کردیا ہے۔ ابوظہبی میں جاری افغان امن مذاکرات میں فریقین نے مذاکرات کا عمل جاری رکھنے پراتفاق کیا

1109920
پاکستان کی معاونت سے طالبان اورامریکی حکام کےدرمیان مذاکرات اختتام پذیر، رابطہ جاری رکھنے کا فیصلہ

متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں پاکستان   کے تعاون سے جاری  افغان امن مذاکرات ختم ہوگئے جس میں طالبان سمیت فریقین نے مذاکراتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

 ذرائع کے مطابق مذاکرات میں شریک طالبان نمائندے اپنی شوریٰ سے بات کریں گے اور شوریٰ سے بات چیت کے بعد دوبارہ زلمےخلیل زاد سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ زلمےخلیل زاد نے مذاکرات کی پیش رفت پر افغان حکام کو آگاہ کردیا ہے۔

ابوظہبی میں جاری افغان امن مذاکرات میں فریقین نے مذاکرات کا عمل جاری رکھنے پراتفاق کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان کی معاونت سے شروع ہونے والے مذاکرات میں امریکا اور افغان طالبان کے علاوہ اماراتی اور سعودی حکام بھی حصہ تھے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کو طالبان کےساتھ مذاکرات میں تعاون کی درخواست کے لیے لکھے گئے خط کے 2 ہفتوں بعد وزیر اعظم نے پاکستان کی جانب سے امریکا اور افغان طالبان مذاکرات میں سہولت کاری فراہم کرنے کی تصدیق کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان پر ’ڈو مور‘ کا دباؤ ڈالتا رہتا تھا لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) حکومت کے واضح موقف کی وجہ سے اب امریکی حکام نے طالبان سے مذاکرات میں تعاون کی درخواست کی۔

امریکی معاون خصوصی زلمےخلیل زاد کی سربراہی میں افغانستان میں امن عمل پر گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق امریکی اور نیٹو فورسز کی افغانستان سے مرحلہ وار واپسی اور اس کے بعد افغانستان کے نظام حکومت اور سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ 

افغان وزارت خارجہ کا کہنا ہے امریکا طالبان مذاکرات کرانا افغان امن عمل میں پاکستان کا عملی قدم ہے، پاکستانی تعاون فیصلہ کن اہمیت رکھتا ہے۔

دوسری جانب افغانستان میں ترجمان امریکی سفارتکار کا  کہنا  تھا کہ امریکا، پاکستانی حکومت کی طرف سے تعاون بڑھانے کے کسی بھی اقدام بشمول طالبان، افغان حکومت اور دیگر افغانوں کے درمیان مذاکرات کا خیر مقدم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے طالبان سمیت دیگر فریقین سے ملاقاتیں کی ہیں اور افغان مسئلے کے حل کے لیے وہ یہ ملاقاتیں جاری رکھیں گے۔

دوسری طرف ترجمان افغان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا-طالبان مذاکرات کرانا افغان امن عمل کے لیے پاکستان کا پہلا عملی قدم ہوگا۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 



متعللقہ خبریں