"بولٹن پر قاتلانہ حملے کی سازش" القدس فورس کے رکن پر فرد جرم،ایران کا احتجاج

ایران نے امریکہ میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے مشیرجان بولٹن کے قتل کی سازش کے الزام میں ایک ایرانی شہری کے خلاف عاید کردہ فردِجُرم پر سخت ردعمل کااظہار کیا ہے

1866427
"بولٹن پر قاتلانہ حملے کی سازش" القدس فورس کے رکن پر فرد جرم،ایران کا احتجاج

ایران نے امریکہ میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے مشیرجان بولٹن کے قتل کی سازش کے الزام میں ایک ایرانی شہری کے خلاف عاید کردہ فردِجُرم پر سخت ردعمل کااظہار کیا ہے اور اس کو بے بنیاد مگرسیاسی محرک پرمبنی قرار دے کرمسترد کردیا ہے۔

 وزارت خارجہ کے ترجمان ناصرکنعانی نے ایک بیان میں کہاکہ ان کا ملک ایرانیوں کے خلاف اس طرح کی کارروائی کو مستردکرتا ہے اوریہ سخت انتباہ جاری کرتا ہے کہ ایرانی شہری کے خلاف ایسے مضحکہ خیزالزام اور بے بنیاد بہانے کی بنیاد پرکسی بھی کارروائی سے گریز کیا جائے۔

 واضح رہے کہ امریکی محکمہ انصاف نے ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کے ایک رکن پرقومی سلامتی کے سابق مشیر جان بولٹن کے قتل کی سازش میں ملوّث ہونے کے الزام میں فردِجُرم عایدکردی ہے۔

محکمہ انصاف نے گزشتہ روز  ایک بیان میں کہا کہ اکتوبر2021 سے شروع ہونے والی عدالتی دستاویزات کے مطابق ایران کے شہر تہران سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ شہرام پورصفی عرف مہدی رضائی نے قومی سلامتی کے سابق مشیر جان بولٹن کے قتل کا انتظام کرنے کی کوشش کی تھی ،وہ یہ کارروائی جنوری 2020 میں سپاہ پاسداران انقلاب کی بیرون ملک کارروائیوں کی ذمہ دار القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کی بغداد میں امریکی فضائی حملہ میں ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے کرنا چاہتے تھے۔

محکمہ انصاف کے مطابق پاسداران انقلاب کی القدس فورس کی جانب سے کام کرتے ہوئے شہرام پورصفی نے واشنگٹن ڈی سی یا میری لینڈ میں جان بولٹن کے قتل کے لیے امریکہ کے اندر موجود لوگوں کو تین لاکھ ڈالرادا کرنے کی کوشش کی تھی۔

جان بولٹن نے اپنے طورپر محکمہ انصاف، ایف بی آئی اور خفیہ سروس کا شکریہ ادا کیا۔

انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ اگرچہ اس وقت عوامی سطح پر بہت کچھ نہیں کہا جاسکتا لیکن ایک نکتہ غیرمتنازع ہے کہ ایران کے حکمران جھوٹے، دہشت گرد اور امریکہ کے دشمن ہیں،ان کے بنیاد پرست اور امریکہ مخالف مقاصد میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے،ان کے وعدے بے وقعت ہیں اوران سے لاحق عالمی خطرہ بڑھ رہا ہے۔

بولٹن نے بائیڈن انتظامیہ پر زوردیا  ہےکہ وہ 2015 کے جوہری معاہدے کو بحال نہ کرے۔



متعللقہ خبریں