آذربائیجان۔آرمینیا محاذ آرائی،روس نے مصالحت کی پیشکش کردی

روسی وزیر خارجہ سرگی لیوروف نے  آذربائیجان اور آرمینیا کے وزرائے خارجہ  کو ٹیلیفونک رابطے کے ذریعے ماسکو میں مذاکرات  کی پیشکش کی  ہے

1500959
آذربائیجان۔آرمینیا محاذ آرائی،روس نے مصالحت کی پیشکش کردی

روس نے آذربائیجان اور آرمینیا  کے درمیان بالائی قاراباغ    تنازعہ پر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کو   مذاکرات  کی  پیشکش کی ہے۔
آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان بالائی قارا باغ کے علاقے پر قبضےکے لیے جھڑپیں تیز ہوگئیں، یہ جھڑپیں گزشتہ 5 روز سے جاری ہیں۔ 

جھڑپوں کے دوران دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کےخلاف مارٹر گولوں اورٹینکوں سمیت بھاری ہتھیار استعمال کئے جارہےہیں۔
 دوسری جانب دونوں ممالک نے عالمی برادری کی طرف سے جنگ بندی کی اپیلوں کو مسترد کر دیا ہے۔
روسی وزیر خارجہ سرگی لیوروف نے  آذربائیجان اور آرمینیا کے وزرائے خارجہ  کو ٹیلیفونک رابطے کے ذریعے ماسکو میں مذاکرات  کی پیشکش کی  ہے جس پر آذری صدر کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کا  سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، جب تک آرمینیا کی فوج ہمارے علاقے غیر مشروط اور فوری طور پر  خالی نہیں کر دیتی اور آذربائیجان اپنی خودمختاری اور سالمیت کے لیے آخری دم تک لڑتا رہے گا۔
دوسری جانب آرمینیا نے بھی عالمی برادری کی جنگ بندی کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے مذاکرات سے انکار  کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ بالائی قارا باغ کو بین الاقوامی طور پر آذربائیجان کا حصہ تسلیم کیا جاتا ہے لیکن سن 1994 میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ ختم ہونے کے بعد سے وہان آرمینیا قابض ہے۔

 



متعللقہ خبریں