ٹرمپ قصوروار ہیں عہدے سے برخاست کیا جائے: ڈیموکریٹ ارکان

ڈیموکریٹک ارکان کا دعویٰ ہے کہ صدر ٹرمپ نے یوکرین کے صدر کو اس بات پر مجبور کیا کہ وہ ان کے سیاسی مخالف جو بائیدن اور ان کے بیٹے ہنٹر کے خلاف تحقیقات کا اعلان کریں لہذا ٹرمپ کوان کے عہدے سے برطرف کر دیا جانا چاہیے

1347096
ٹرمپ قصوروار ہیں عہدے سے برخاست کیا جائے: ڈیموکریٹ ارکان

امریکی ڈیموکریٹک ارکان کا دعویٰ ہے کہ صدر ٹرمپ نے یوکرین کے صدر کو اس بات پر مجبور کیا کہ وہ ان کے سیاسی مخالف جو بائیدن اور ان کے بیٹے ہنٹر کے خلاف تحقیقات کا اعلان کریں اور ایسا کرتے ہوئے انہوں نے یوکرین کیلئے امریکی کانگریس سے منظور شدہ فوجی امداد روک لی تھی تاکہ یوکرین کے صدر ان کے دباؤ میں آ کر ویسا ہی کریں جیسا وہ چاہتے تھے۔

تاہم، وائٹ ہاؤس کےاعلیٰ ترین قانونی مشیر پیٹ سیپولون کا کہنا تھا کہ ڈیموکریٹک پارٹی کی یہ دلیل قانونی طور پر کمزور اور یکطرفہ ہے۔

 انہوں نے زور دے کر کہا ہے کہ صدر نے قطعاً کوئی غلط کام نہیں کیا ہے اور مواخذے کی شقیں آئین میں طے کردہ معیار کے مطابق نہیں ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ وہ خود بھی ان شقوں سے زیادہ کچھ ثابت نہیں کر سکیں گے۔

ایوان نمائندگان کے ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے ارکان نے سینیٹ میں پہلے تین دن کی سماعت کے دوران صدر ٹرمپ اور یوکرین کے صدر زیلنسکی کے درمیان ہونے والی ٹیلی فون گفتگو کی تفصیل پیش کرتے ہوئے سینیٹروں کو یقین دلانے کی کوشش کی کہ صدر ٹرمپ کا اقدام ان کے اختیارات کے ناجائز استعمال اور کانگریس کی کارروائی میں مداخلت پر مبنی تھا۔ لہذا، انہیں ان کے عہدے سے برطرف کر دیا جانا چاہیے۔

ایوان نمائندگان کی طرف سے کیس پیش کرنے والے کلیدی ڈیموکریٹک رکن ایڈم شیف کا کہنا ہے کہ ہمارے ملک عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے وعدے کی بنیاد پر قائم ہوئے اور ایک ایسے صدر کی وفاداری کی بنیاد پر قائم نہیں ہوئے جو حقیقتاً بادشاہ بننے کا خواہشمند ہو۔

صدر ٹرمپ کی قانونی ٹیم ہفتے کے روز اپنے ابتدائی دلائل دینا شروع کرے گی جو تین دن تک جاری رہیں گے۔

 صدر ٹرمپ مسلسل اصرار کر رہے ہیں کہ انہوں نے یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی کے ساتھ بات چیت کے دوران کوئی سودے بازی نہیں کی اور ان کے وکلا بھی اس بنیاد پر ان کا دفاع کر رہے ہیں۔

 



متعللقہ خبریں