ٹرمپ کا مواخذہ،امریکی سفیر بل ٹیلرکا بیان قلمبند

گزشتہ روز  مواخذے کی تحقیقات سے متعلق کارروائی ایوان نمائندگان سے براہ راست نشر کی گئی جبکہ صدر ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں اس کارروائی کو  جعلی قرار دیا ہے

1306290
ٹرمپ کا مواخذہ،امریکی سفیر بل ٹیلرکا بیان قلمبند

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی کے آغاز پر بیان دیتے ہوئے یوکرین میں امریکی سفیر بل ٹیلر نے صدر ٹرمپ کی یوکرین کے صدر سے ٹیلی فون پر بات چیت سے متعلق مزید انکشافات کیے ہیں۔

گزشتہ روز  مواخذے کی تحقیقات سے متعلق کارروائی ایوان نمائندگان سے براہ راست نشر کی گئی جبکہ صدر ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں اس کارروائی کو  جعلی قرار دیا ہے۔

صدر ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی کے آغاز پر دو کلیدی اہلکاروں نے اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔

 ان میں یوکرین میں امریکہ کے سابق سفیر ولیم ٹیلر اور سابق  خارجہ  امور کے  ایک عہدےدارجارج کینٹ شامل  تھے۔

بل ٹیلر نے سماعت کے دوران کہا کہ ​25 جولائی کو یوکرین کے نو منتخب صدر ولودیمیر زیلینسکی سے فون پر بات کرنے کے ایک روز بعد صدر ٹرمپ نے یورپی یونین کے لیے امریکہ کے سفیر گورڈن سونڈلینڈ کو فون کیا تھا۔

ان کے بقول ان کے عملے کو بتایا گیا کہ صدر ٹرمپ یوکرین کے بجائے جو بائیڈن کے خلاف تحقیقات میں زیادہ دلچسپی رکھتے تھے۔

وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے اس نئے انکشاف پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سفیر بل ٹیلر کا بیان محض مفروضوں اور افواہوں پر مبنی ہے۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ مصروفیت کے باعث مواخذے کی سماعت نہیں دیکھ سکے۔

انہوں نے کہا کہ   میں اس قدر مصروف ہوں کہ میں یہ نہیں دیکھ سکتا یہ بالکل جعلی ہے تاہم، بعد میں مجھے رپورٹ مل جائے گی۔



متعللقہ خبریں