واشنگٹن میں وینزویلا سفارت خانے کے تحفظ کے لئے ترکی محافظ ملک بنے

ہم نے واشنگٹن میں وینزویلا سفارت خانے کے تحفظ کے لئے ترکی کے محافظ ملک ہونے کی تجویز پیش کی ہے: سموئیل مونکاڈا

1202371
واشنگٹن میں وینزویلا سفارت خانے کے تحفظ کے لئے ترکی محافظ ملک بنے

وینزویلا کے اقوام متحدہ کے لئے مستقل نمائندے سموئیل مونکاڈا نے کہا ہے کہ ہم نے واشنگٹن میں وینزویلا سفارت خانے کے تحفظ کے لئے ترکی کے محافظ ملک ہونے کی تجویز پیش کی ہے۔

مونکاڈا نے اقوام متحدہ کے مرکزی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں امریکہ کے، واشنگٹن میں وینزویلا سفارت خانے کو خالی کروانے کے، فیصلے سے متعلق خیالات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا  ہے کہ امریکہ اور وینزویلا کے درمیان سفارتی تعلقات  منقطع ہوگئے ہیں اور امریکہ نے کاراکاس میں اپنے سفارت خانے کے لئے سوٹزر لینڈ کو محافظ  ملک منتخب کیا ہے۔ ہم نے بھی محافظ ملک کی حیثیت سے ترکی کی تجویز پیش کی ہے لیکن انہوں نے ہماری تجویز کو یہ کہہ کے مسترد کر دیا ہے کہ ہم آپ کو تسلیم نہیں کرتے ہم گوآئیڈو کو تسلیم کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ واشنگٹن میں وینزویلا کے سفارت خانے  میں مظاہرین اور سفارت خانے سے باہر ایکٹیوسٹ پہرہ دے رہے ہیں اور امریکی انتظامیہ نے سفارت خانے کو خالی کرنے کے لئے قانونی مرحلہ شروع کروانے کا اعلان کیا تھا۔

امریکہ کی وزارت خارجہ کا موقف تھا کہ سفارت خانہ خود کو عبوری صدر اعلان کرنے والے اسمبلی ممبر ہوان گوآئیڈو  کی انتظامیہ سے متعلق ہے۔ ہم  نکولس مادورو کو تسلیم نہیں کرتے لہٰذا مادورو کے حامی مظاہرین کی سفارت خانے میں موجودگی غیر قانونی ہے۔

امریکی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ گوآئیڈو کی طرف سے واشنگٹن کے لئے متعین کردہ سفیر کارلوس ویشیو نے سفارت خانے کو خالی کروانے کا مطالبہ کیا ہے لہٰذا ہم مظاہرین سے  رضاکارانہ طور پر سفارت خانے سے نکلنے کی اپیل کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ صدر نکولس مادور کی حمایت میں کوڈ پنک  کے نام سے خواتین مظاہرین کا ایک گروپ تقریباً ایک مہینے سے سفارت خانے کی عمارت میں مظاہرے  جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ گوآئیڈو کے حامی سفارت خانے کے باہر پہرہ دے رہے ہیں۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ وینزویلا حکومت  کے ملازمین کی دعوت پر وہاں آئے ہیں اور پولیس انہیں زبردستی وہاں سے نہیں ہٹا سکتی۔



متعللقہ خبریں