وینزویلا میں لوڈ شیڈنگ امریکی سائبر حملے کا نتیجہ ہے: مادورو

ملک میں2 روزہ لوڈ شیڈنگ امریکہ کی طرف سے ہائی ٹیکنالوجی کے استعمال سے وینزویلا پر کئے گئے حملے کا نتیجہ ہے: صدر نکولس مادورو

1160406
وینزویلا میں لوڈ شیڈنگ امریکی سائبر حملے کا نتیجہ ہے: مادورو

وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے کہا ہے کہ ملک میں2 روزہ لوڈ شیڈنگ امریکہ کی طرف سے ہائی ٹیکنالوجی کے استعمال سے وینزویلا پر کئے گئے حملے کا نتیجہ ہے۔

اپنی تاریخ کے شدید ترین سیاسی بحران کے ساتھ ساتھ گذشتہ دو دن کی لوڈ شیڈنگ کے بعد حزب اقتدار وینزویلا یونائٹیڈ سوشلسٹ پارٹی  کے حامیوں نے دارالحکومت کاراکاس میں صدارتی پیلس  میرافلوریس کے سامنے مادورو کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔

مظاہرے سے خطاب میں مادورو نے کہا ہے کہ گذشتہ جمعرات کے دن شروع ہونے والی لوڈ شیڈنگ، جس نے 2 دن کے لئے وینزویلا کو اندھیرے میں ڈبو دیا  وہ ملک کے ایک بڑے حصے کو بجلی کی ترسیل کرنے والے، گُوری پاور پلانٹ  پر کئے گئے سائبر حملے کا نتیجہ تھی۔

امریکہ اور خود کو عبوری صدر اعلان کرنے والے ہوان گوآئیڈو کو لوڈ شیڈنگ کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے مادورو نے کہا ہے کہ امریکہ اور گوآئیڈو مسخرے اور اس کی کٹھ پتلی سے مشابہہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت وینزویلا کو ایک تھکا دینے والی جنگ کا سامنا ہے۔ اس وقت ہم ملک میں لوڈ شیڈنگ کا 70 فیصد سدباب کر چکے تھے لیکن ملک کے پاور پلانٹ پر ،صرف امریکہ کے پاس موجود ہائی ٹیکنالوجی کے ساتھ، سائبر حملہ کیا گیا ہے۔

مادورو نے کہا ہے کہ وینزویلا نیشنل پاور کمپنی میں جاسوس موجود ہیں جو  لوڈ شیڈنگ کا سبب بنے ہیں اور ہم جلد از جلد ان افراد کی نشاندہی کر کے سزا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں عوام سے توقع رکھتا ہوں کہ وہ صورتحال کو سمجھیں گے ۔ ہم مشکل حالات سے گزر رہے ہیں، سخت محنت کر رہے ہیں اور حالیہ دنوں میں جیسے ہم نے دیگر بڑے بڑے مسائل پر قابو پایا ہے اسی طرح اس مسئلے پر بھی قابو پا لیں گے۔

واضح رہے کہ وینزویلا  کے ایک بڑے حصے کو بجلی فراہم کرنے والے سائمن بولیوار ہائیڈروالیکٹرک پاور پلانٹ  میں جمعرات کے دن پیدا ہونے والی خرابی کی وجہ سے ملک کی 23 ریاستوں میں سے 22 کے لئے بجلی کی ترسیل منقطع ہو گئی تھی۔

حکومت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ بجلی کی ترسیل میں عارضہ  گُوری پاور پلانٹ پر سائبر حملے کی وجہ سے  پیدا ہوا ہے ۔

تاہم مخالفین کا کہنا تھا کہ بجلی کی ترسیل بوسیدہ  انفراسٹرکچر کا نتیجہ ہے اور اس کا سبب مادورو اور ان کی حکومت ہے۔



متعللقہ خبریں