ملاقات انتہائی دوستانہ ماحول میں مفید ثابت ہوئی:امریکی و روسی صدور

گزشتہ روز ہیلسینکی کے صدارتی محل میں 2 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں ٹرمپ اور پوٹن نے ملاقات کو تعمیری اور کامیاب قرار دیا

1013733
ملاقات انتہائی دوستانہ ماحول میں مفید ثابت ہوئی:امریکی و روسی صدور

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ روس اور امریکہ کے تعلقات اب تبدیل ہو چکے ہے۔

 خبر کے مطابق، ہیلسینکی کے صدارتی محل میں 2 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں ٹرمپ اور پوٹن نے ملاقات کو تعمیری اور کامیاب قرار دیا۔

اس موقع پر ٹرمپ نے کہا کہ روس کے ساتھ تعمیری مذاکرات نے امن کی نئی راہیں کھولی  ہیں صدر پوٹن ایک اچھے حریف ہیں اور یہ اُن کے لیے میری جانب سے تعریفی جملہ ہے ۔

روسی صدر ولادی میر پوتین نے کہا ہے کہ ان کی امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات بہت کامیاب  اور مفید رہی ہے۔

صدر پوتین نے روس اور امریکہ کے سلامتی اداروں کے درمیان تعاون کو سرا ہا اور کہا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور سائبر سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل تعاون کی حمایت کرتے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ انھوں نے جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی اور شام کی صورت حال سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

 روسی صدر  نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کے درمیان اس پہلی سربراہ ملاقات میں کاروبار دوست کی طرح کا دوستانہ ماحول تھا اور میرے خیال میں بات چیت بہت کامیاب اور مفید رہی ہے

ٹرمپ اور پوٹن کی ملاقات میں باہمی امور کے ساتھ، ایران، شام اور دیگر عالمی مسائل پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ روسی صدر نے امریکی انتخابات میں روسی مداخلت کے الزام کو مضحکہ خیز قرار دیا۔

اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے دونوں صدور نے اتفاق کیا کہ سیاست دانوں کے مقابلے میں ان کی فوجیں زیادہ بہتر انداز میں ساتھ مل کر کام کررہی ہیں جس کی ایک مثال شام میں دونوں افواج کی کارکردگی ہےتاہم دونوں صدرو نے مستقبل میں بھی ملاقاتیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ امریکہ اور روس کے تعلقات میں سرد جنگ کے زمانے کے بعد سے پہلی مرتبہ سرد مہری پائی جارہی ہے اور اس کے بنیادی عوامل میں روس کا ریاست کریمیا کو ضم کرنا ، مشرقی یوکرین میں روس کی فوجی مداخلت ، امریکہ کے صدارتی انتخابات میں مبینہ مداخلت اور شامی تنازعے کے بارے میں دونوں ممالک کے درمیان اختلافات شامل ہیں۔

 



متعللقہ خبریں