قومی سلامتی کونسل ایران سے معاہدے کا ازسرنو جائزہ لے:ٹلرسن

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قومی سلامتی کونسل کو ہدایت کی ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق بین الاقوامی معاہدے کا از سر نو جائزہ لیا جائے

716809
قومی سلامتی کونسل ایران سے معاہدے کا ازسرنو جائزہ لے:ٹلرسن

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قومی سلامتی کونسل کو ہدایت کی ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق بین الاقوامی معاہدے کا از سر نو جائزہ لیا جائے اور اس بات کا اندازہ لگایا جائے کہ ایران پر سے تعزیرات معطل  کرنا امریکہ کی قومی سلامتی کے مفادات  پر کتنا اثر انداز ہوگا۔

اس بات کا انکشاف وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے ایوان نمائندگان کے اسپیکر پال رائن کو لکھے گئے ایک خط میں کیا۔

ٹلرسن کا کہنا تھا کہ  گزشتہ منگل تک ایران سن  2015 میں امریکہ، برطانیہ، فرانس، چین، روس اور جرمنی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہا ہے۔

لیکن ان کے بقول   ایران بدستور مختلف مقامات اور ذرائع سے دہشت گردی کی حمایت کرنے والا ملک  ہے۔

مغربی ممالک یہ الزام عائد کرتے رہے ہیں کہ  ایران  جوہری ہتھیاروں کے حصول کے لیے کوشاں ہے لیکن ایران ان دعوؤں کی تردید کرتا رہا ہے۔

 یاد رہے کہ  سن 2015میں ہونے والے معاہدے کے تحت اسے اپنے جوہری پروگرام کو محدود کرتے ہوئے صرف اس حد تک یورینیم افزود کرنے کی اجازت دی گئی تھی جس سے وہ جوہری توانائی کو پرامن مقاصد کے لیے استعمال کر سکے ،اس کے عوض ایران پر دہائیوں سے عائد اقتصادی پابندیوں کو نرم کر دیا گیا تھا۔

 



متعللقہ خبریں