امریکہ نے اپنا مفاد حاصل کرنے کے بعد ایک بار پھر پاکستان کو تنہا چھوڑ دیا ہے: میجر جنرل آصف غفور

میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاک فوج دنیا کی واحد فوج ہے جس نے دہشتگردی کو شکست دی، آپریشن ردالفساد دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے خلاف شروع کیا گیا ہے جس کے نتائج جلد آنا شروع ہوں گے

706921
امریکہ نے  اپنا مفاد حاصل کرنے کے بعد ایک بار پھر پاکستان کو تنہا چھوڑ دیا ہے: میجر جنرل آصف غفور

پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں پاکستانی صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ  پاک فوج دنیا کی واحد فوج ہے جس نے دہشتگردی کو شکست دی، آپریشن ردالفساد دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے خلاف شروع کیا گیا ہے جس کے نتائج جلد آنا شروع ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پااکستان، بھارت اور افغانستان سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے جب کہ سعودی عرب اور ایران کے ساتھ  بھی اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی اتحاد میں راحیل شریف کی تقرری پاکستانی ریاست کا فیصلہ ہے جب کہ پاکستان پراکسی وارپریقین نہیں رکھتا اور خطے میں کشیدگی نہیں چاہتا، پاکستان میں امن کے لیے افغانستان سے اچھے تعلقات ناگزیر ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اندر سے مضبوط کرنے میں سب کی بقا ہے جب کہ پاکستان کو کمزور کرنے والے فوج پر تنقید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن رد الفساد میں سہولت کاروں کا نیٹ ورک ختم کردیں گے، آپریشن رد الفساد کے تحت مدرسہ اصلاحات پر کام ہورہا ہے۔

ان کاکہناتھاکہ  مسئلہ کشمیر اور جوہری پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا،مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی مرضی کے مطابق حل کرنا ہوگا ، اس کے حل کیلئے اقوام متحدہ کو کردار ادا کرنا ہوگا، آپریشن ردالفساد دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف شروع کیا ،اس کے نتائج جلد سامنے آنا شروع ہو ں گے، پاکستان میں اب حالات بہتر ہو رہے ہیں مگر پاکستان اب بھی مشکل وقت سے گزررہا ہے۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ایک وقت تھا جب ہم مغرب کے ڈارلنگ تھے ، ہمارے ایٹمی پروگرام کو نہیں روکا گیا ، پیسے بھی دیئے ، رفتہ رفتہ پاکستان کے ساتھ مغرب کا رویہ بدلنے لگا، پاکستان میں طالبان کی عملداری والی کوئی جگہ نہیں ہے۔

میجرجنرل آصف غفور نے کہاکہ  پاکستان نے برطانیہ کو پاکستان دشمن تحفظات سے آگاہ کردیا ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ شروع میں ہماری نہیں تھی ، امریکہ نے روس کے خلاف ہمیں ا ستعمال کیا، طالبان بنائے گئے لیکن بعد میں حالات ٹھیک کئے بغیر امریکی چلے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ کی طرح ہمیں اب بھی اکیلا چھوڑدیا ہے۔



متعللقہ خبریں