دہشت گردی کو کرہ ارض سے ختم کرکے رہیں گے: صدر ٹرمپ

صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ امیدیں اپنی گرفت مضبوط کر رہی ہیں، جن سے امریکہ کی عظمت کا ایک نیا باب کھلنے جا رہا ہے

682125
دہشت گردی کو کرہ ارض سے ختم کرکے رہیں گے: صدر ٹرمپ
trump kongre.jpg

متحدہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس سے اپنے پہلے خطاب میں نفرت پر مبنی جرائم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ 'امیدیں اپنی گرفت مضبوط کر رہی ہیں، جن سے امریکہ کی عظمت کا ایک نیا باب کھلنے جا رہا ہے۔'

انھوں نے کہاکہ ہم ایک ایسا ملک ہیں جو متحدہ طور پر نفرت اور برائیوں کی مذمت کرتا ہے۔

منگل کی شب کانگریس سے اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم ایک نئے امریکی عزم کو دیکھ رہے ہیں ’’ہمارے اتحادی دیکھیں گے کہ امریکہ ایک مرتبہ پھر قیادت پر آمادہ ہے۔‘‘

صدر ٹرمپ نے کہا کہ اُنھوں نے امریکیوں کی بات سنی اور امیگریشن قوانین کا نفاذ شروع کیا، اُن کا کہنا تھا کہ یہ قوانین آمدن میں اضافے کا سبب بنیں گے، ان سے بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی، اربوں ڈالر کی بچت ہو گی اور ملک ہر کسی کے لیے محفوظ ہو گا۔

امریکہ کے صدر نے اپنے اس خطاب میں ایک مرتبہ پھر میکسیکو سے اپنی سرحد پر دیوار بنانے کے عزم کو دہرایا اور کہا کہ یہ جرائم اور منشیات کے خلاف موثر اقدام ہو گا۔

اُنھوں نے کہا کہ امریکہ کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کے لیے اُن کی انتظامیہ سخت انتظامات کر رہی ہے، جن میں ملک میں داخل ہونے والے تارکین وطن کی موثر جانچ بھی شامل ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ انتہا پسندی کی پناہ گاہ نہیں بنا سکتا۔

اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اُنھوں نے پینٹاگان کو ہدایت کی ہے کہ وہ ’داعش‘ کو شکست دینے کے لیے حکمت عملی مرتب کرے، اُنھوں نے کہا کہ اس دہشت گرد تنظیم نے مسلمانوں اور مسیحی مردوں، خواتین اور بچوں کو قتل کیا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ملک میں گرتی ہوئی صنعتیں پھر اُبھریں گی اور پرانی سڑکوں، پلوں اور بنیادی ڈھانچے کی جگہ نئی تعمیرات ہوں گی۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکیوں کا تحفظ اُن کی ترجیح ہے اور اُنھوں نے کہا کہ محکمہ ’ہوم لینڈ سکیورٹی‘ کو حکم دیا ہے کہ وہ متاثرہ امریکیوں کے لیے ایک دفتر قائم کرے۔



متعللقہ خبریں