مسئلہ کشمیرپراقوام متحدہ کی قرادادوں پرعملدرآمد سےمتعلق نئے سیکرٹری جنرل سے توقعات ہیں: نواز شریف

عالمی اقتصادی فورم کے 47 ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گیترریس نے پاکستان کے وزیراعظم محمد نواز شریف کو یقین دلایا ہے کہ وہ پاکستان سمیت خطہ کے ممالک کیلئے انتہائی تعمیری اور مثبت کردار ادا کریں گے

657785
مسئلہ کشمیرپراقوام متحدہ کی قرادادوں پرعملدرآمد سےمتعلق نئے سیکرٹری جنرل سے توقعات ہیں:  نواز شریف

وزیراعظم نوازشریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو  گیتریس  کے ساتھ سوئیزر لینڈ کے شہر ڈیووس میں اپنی حالیہ ملاقات کے دوران انہیں کشمیر میں انسانی حقوق کی انتہائی خراب صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ہے۔

عالمی اقتصادی فورم کے 47 ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گیترریس نے  پاکستان کے وزیراعظم محمد نواز شریف کو یقین دلایا ہے کہ وہ پاکستان سمیت خطہ کے ممالک کیلئے انتہائی تعمیری اور مثبت کردار ادا کریں گے۔

نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کو کشمیر کے دیرینہ مسئلے کے حل کی خاطر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے نئے سیکرٹری جنرل اور قیادت سے بڑی توقعات ہیں۔
انہوں نے  کہا کہ ان کی حکومت کی اولین ترجیح ایک پرامن ہمسائیگی ہے، ہم اپنے خطہ میں پائیدار امن، سلامتی اور اقتصادی تعاون کیلئے سازگار ماحول چاہتے ہیں جو جنوبی ایشیاء کے تمام عوام کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے خطہ کے عوام کی فلاح اقتصادی ترقی و خوشحالی میں ہے اور اگر ہم اپنے مسائل حل نہ کر سکے اور ایک دوسرے سے تعاون نہ کر پائے تو یہ مقصد حاصل نہیں ہو سکے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جو سیکورٹی کونسل کے ایجنڈے میں شامل رہا۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کشمیری عوام کو ایک آزادانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کی ضمانت دی گئی تاہم اس وعدے کو ابھی تک پورا نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی قیادت اور اثر و رسوخ کے منتظر ہیں، اس مسئلہ کے حل کیلئے اقوام متحدہ کو کردار ادا کرنے کیلئے ایک دیرینہ ذمہ داری پوری کرنی ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے اہداف کے حصول میں ہر ممکن مدد جاری رکھے گا ،منصب سنبھالتے ہی آپ کی ترجیحات حوصلہ افزا ہیں ،و21ویں صدی کے تقاضوں پر پورا اترنے کیلیے نئی قیادت کی ضرورت ہے،اقوام متحدہ کمشنر برائے پناہ گزین کے طور پر آپ کے کردار کے معترف ہیں ،منصب سنبھالتے ہی آپ سے ملاقات پر خوشی ہے۔



متعللقہ خبریں