امریکہ سے کیوبا کے لیے پروازوں کا آغاز

لائسنس یافتہ ایئر لائن کمپنیاں کیوبا کے 9 مختلف شہروں کے لیے پروازیں چلانے کی مجاز ہوں گی

508780
امریکہ سے کیوبا کے لیے پروازوں کا آغاز

امریکی حکومت نےچھ کمپنیوں کو کیوبا کے مختلف شہروں کے لیے کمرشل پروازیں شروع کرنے کی اجازت دیدی ہے۔

امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ کے ایک اعلامیہ کے مطابق جن کمپنیوں کو پروازیں شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے ان میں امریکن ایئر لائنز، فرنٹیئر ایئر لائنز، جیٹ بلو، سلور ایئرویز، ساؤتھ ویسٹ اور سن کاؤنٹی ایئر لائنز شامل ہیں۔

لائسنس یافتہ ایئر لائن کمپنیاں کیوبا کے 9 مختلف شہروں کے لیے پروازیں چلانے کی مجاز ہوں گی تاہم ان شہروں میں دارالحکومت ہوانا شامل نہیں ہے۔ اس کے  لیے پروازوں کے لائسنس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا کیوں کہ کئی ہوائی فرموں نے اس روٹ پر پروازیں شروع کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

تا ہم  ان  فضائی کمپنیوں کو پروازیں شروع  کرنے کے لیےحکومت ِ کیوبا کی اجازت بھی درکار ہوگی۔

واضح رہے کہ امریکی قانون میں اب بھی امریکی شہریوں کو سیاحت کی غرض سے کیوبا جانے کی اجازت نہیں۔ البتہ امریکی صدر براک اوباما نے کئی دیگر مقاصد کے لیے امریکی شہریوں کو کیوبا کے سفر کی اجازت دیدی ہے جن میں اہلِ خانہ سے ملاقات، کاروبار، صحافتی اور تعلیمی مقاصد کے لیے سفر شامل ہے۔

سفارتی تعلقات کی بحالی کے باوجود امریکہ کی جانب سے کیوبا پر عائد تجارتی پابندیاں بدستور موثر ہیں لیکن صدر اوباما نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کی بحالی کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔



متعللقہ خبریں