پیرس آپریشن:ہلاک شدگان کی تاحال شناخت نہ ہوسکی

معلوم ہوا ہے کہ فرانسیسی تفتیش کاروں نے تاحال پیرس کے مضافات میں کیے جانے والے پولیس آپریشن میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت کی تصدیق نہیں کی ہے

418987
 پیرس آپریشن:ہلاک شدگان کی  تاحال شناخت نہ ہوسکی

معلوم ہوا ہے کہ فرانسیسی تفتیش کاروں نے تاحال پیرس کے مضافات میں کیے جانے والے پولیس آپریشن میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت کی تصدیق نہیں کی ہے ۔
تاہم پولیس نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے پیرس میں ہونے والے حملوں کا مشتبہ منصوبہ ساز اس دوران گرفتار کیے جانے والے افراد میں شامل نہیں۔
پیرس کے شمال میں واقع سینٹ ڈینس میں پولیس آپریشن یہ اطلاع ملنے پر کیا گیا تھا کہ پیرس حملوں کا مبینہ منصوبہ ساز عبدالحمید ابوعود یہاں موجود ہے جبکہ اس سے قبل خیال تھا کہ وہ شام میں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ جمعے کے روز پیرس میں ہونے والے حملوں میں 129 افراد ہلاک جبکہ 300 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
پیرس کے اٹارنی نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ میں آپ کو مرنے والوں کی حتمی تعداد اور شناخت کے بارے میں نہیں بتا سکتا مگر کم از کم دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
انہوں نے مشتبہ منصوبہ ساز اور مشتبہ حملہ آور کے بارے میں کہا میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ ابو عود اور صالح عبدالسلام حراست میں لیے جانے والے افراد میں شامل نہیں ہیں۔
خیال ہے کہ صالح عبدالسلام براہ راست حملوں میں ملوث تھا۔
فرانس اور بیلجیئم نے صالح عبدالسلام کے وارنٹ جاری کیے ہیں جبکہ اطلاعات کے مطابق وہ ہفتے کی صبح گاڑی کے ذریعے بیلجیئم فرار ہو گیا تھا۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں