عراق میں مزید پندرہ سو فوجی روانہ کیے جائیں گے: امریکہ

امریکی صدر براک اوباما نے عراق میں سرگرم داعش کے جنگجووں کے خلاف جاری آپریشن میں مقامی حکومت کی مدد کے لیے اضافی پندرہ سو امریکی فوجی روانہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے

185091
عراق میں مزید پندرہ سو فوجی روانہ کیے جائیں گے: امریکہ

امریکی صدر براک اوباما نے عراق میں سرگرم داعش کے جنگجووں کے خلاف جاری آپریشن میں مقامی حکومت کی مدد کے لیے اضافی پندرہ سو امریکی فوجی روانہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کیے ایک بیان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اضافی پندرہ سو امریکی فوجی عراق تعینات کیے جائیں گے جس کے بعد اس شورش زدہ ملک میں تعینات امریکی فوجیوں کی تعداد تقریباً تین ہزار ہو جائے گی۔
بتایا گیا ہے کہ غیر جنگی مشن پر مشرق وسطیٰ کے اس ملک میں روانہ کیے جانے والے امریکی فوجی کسی براہ راست عسکری کارروائی میں حصہ نہیں لیں گے بلکہ یہ صرف مقامی فورسز کی تربیت اور مشاورت کا کام کریں گے۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ وہاں مزید فوجی روانہ کرنے کا فیصلہ بغداد حکومت کی طرف سے درخواست کے بعد کیا گیا ہے۔ فوجی حکام کے مطابق عراق کے شمالی، مغربی اور جنوبی علاقوں میں مختلف تربیتی مراکز قائم کیے جائیں گے جہاں عراقی فوج کی 9 بریگیڈز جبکہ کرد پیش مرگہ فورسز کی تین بریگیڈز کو تربیت فراہم کی جائے گی۔
یاد رہے کہ فی الحال امریکی فوجیوں نے بغداد اور اربیل میں دو مرکزی رابطہ مراکز بنا رکھے ہیں جہاں سے کرد اور عراقی فورسز کو فوری طور پر عسکری مشاورت فراہم کی جاتی ہے۔
دوسری جانب عراق اور شام میں جاری امریکی افواج کی کارروائیوں کے اخراجات کے لیے کانگریس میں 5.6 بلین امریکی ڈالر کی رقم مختص کرنے کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں