امریکہ ذرائع ابلاغ کا احترام کرے

ہمیں واقعات کی حساسیت کا اندازہ ہے لیکن پولیس کو لاء اینڈ آرڈر قائم کرنے کے دوران عوام کو مظاہرے کے بارے میں مطلع کرنے والے ذرائع ابلاغ کے حقوق کو بھی مدّ نظر رکھنا چاہیے: دُنجا میجاتووچ

96919
امریکہ ذرائع ابلاغ کا احترام کرے

یورپی سلامتی و تعاون کمیٹی OSCE نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فرگوسن سے متعلق خبر دینے والے اخباری نمائندوں کی آزادی کا احترام کیا جائے۔
او ایس سی ای کے ذرائع ابلاغ کی آزادی کے نمائندے دُنجا میجاتووچ نے اپنے تحریری بیان میں امریکہ کے علاقے فرگوسن میں ایک 18 سالہ سیاہ فام مائیکل فرگوسن کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران اخباری نمائندوں کو حراست میں لئے جانے پر ردعمل کا مظاہرہ کیا ہے۔
میجاتووچ نے کہا ہے کہ میں حکام کو واقعات کے پیچھے کارفرما وجوہات کا ہر پہلو سے جائزہ لینے کی دعوت دیتا ہوں اور چاہتا ہوں کہ اخباری نمائندوں کو آزادی اور تحفظ کی فضاء میں کام کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعات کے دوران فوٹو رپورٹر سکاٹ اولسن، جرمن صحافی آنسگار گراو اور فرانک ہرمان کو حراست میں لیا گیا تھا اور بعد ازاں رہا کر دیا گیا تھا۔اس کے علاوہ روز نامہ واشنگٹن پوسٹ کے رپورٹر ویسلے لوری ، روزنامہ ہوفنگٹن پوسٹ کے رپورٹر رائے جے ریلے اور الجزیرہ ٹیلی ویژن چینل کی ٹیم کے ایک شخص کے چہروں پر آنسو گیس پھینکے جانےا ور انہیں حراست میں لئے جانے کی طرف بھی اشارہ کیا گیاہے۔
میجاتووچ نے کہا ہے کہ ہمیں واقعات کی حساسیت کا اندازہ ہے لیکن پولیس کو لاء اینڈ آرڈر قائم کرنے کے دوران عوام کو مظاہرے کے بارے میں مطلع کرنے والے ذرائع ابلاغ کے حقوق کو بھی مدّ نظر رکھنا چاہیے اور پولیس کو اخباری نمائندوں کو دھمکانے سے گریز کرنا چاہیے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں