اٹلی: ہم، افریقہ کے بغیر کسی مستقبل کا تصور بھی نہیں کر سکتے

ہمارا مستقبل برّاعظم افریقہ پر منحصر ہے اور اس سے کسی طور پہلو تہی نہیں کی جا سکتی: وزیر اعظم جارجا میلونی

2094744
اٹلی: ہم، افریقہ کے بغیر کسی مستقبل کا تصور بھی نہیں کر سکتے

اٹلی کی وزیر اعظم جارجا میلونی نے کہا ہے کہ ہم، افریقہ کے بغیر  کسی مستقبل کا تصور نہیں کر سکتے۔ اسی شعور کے ساتھ ہم اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا چاہتے ہیں۔

"اٹلی۔افریقہ: مشترکہ ترقی کے لئے ایک پُل" کے زیرِ عنوان بین الاقوامی سربراہی اجلاس، میزبان ملک اٹلی کے دارالحکومت، روم کی عمارت سیناٹو میں شروع ہو گیا ہے۔

رواں سال پہلی دفعہ منعقدہ اس اجلاس میں 25 افریقی ممالک کے سربراہان اور وزرائے خارجہ کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں، یورپی یونین، افریقہ یونین، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور بین الاقوامی انرجی ایجنسی جیسے کثیر تعداد بین الاقوامی اداروں کے نمائندے شریک ہیں۔

میزبان ملک اٹلی  کے سینٹ کے سربراہ 'اگنازیو لاروسا' نے اجلاس کے افتتاحی خطاب میں کہا ہے کہ آج افریقہ کے ساتھ تعلقات میں اٹلی اور یورپ کے لئے ایک نئے باب کا آغاز ہو گیا ہے۔

اٹلی کی وزیر اعظم جارجا میلونی نے بھی کہا ہے کہ پہلے ہمیشہ یہ اجلاس وزراء کی سطح پر کیا جاتا رہا ہے ۔ رواں سال پہلی دفعہ اجلاس سربراہی سطح پر کیا جا رہا ہے۔ یہ پہلو  اٹلی کے افریقہ کے ساتھ تعلقات کو  اہمیت دینے کے حوالے سے نہایت قابلِ قدر ہے۔

میلونی نے کہا ہے کہ" ایسے نقطہ ہائے نظر پر اعتبار نہیں کرنا چاہیے جو افریقہ کو ایک مفلس برّاعظم قرار دیتے ہیں۔ اٹلی، یورپ اور پوری دنیا کسی  ایسے مستقبل کا تصّور بھی نہیں کر سکتے جس میں افریقہ شامل نہ ہو۔ ہمارا مستقبل برّاعظم افریقہ پر منحصر ہے اور اس سے کسی طور پہلو تہی نہیں کی جا سکتی۔ ہم اسی شعور کے ساتھ اپنے فرائض نبھانا چاہتے ہیں"۔

انہوں نے کہا ہے کہ اٹلی کی ٹرم چیئر مین شپ میں متوقع  جی 7 اجلاس میں برّ اعظم افریقہ بطور مہمان خصوصی شرکت کرے گا۔ ہم نے افریقہ کی ترقی سے متعلقہ موضوعات کو ترجیحی فہرست میں شامل کیا ہے۔ افریقہ کے ساتھ تعلقات میں ہم نے جو نیا صفحہ کھولا ہے وہ نیکی یا خیرات کی طرز پر نہیں ہے ۔باہم ہم پلّہ فریقین کے درمیان تعاون کا خیال  ممکن ہے۔

سربراہی اجلاس کے دائرہ کار میں اٹلی، یورپ اور افریقہ  کی مثلث میں اقتصادی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں باہمی تعاون، غذائی سلامتی، توانائی کی سرمایہ کاری، نقل مکانی اور سکیورٹی کے موضوعات پر بات چیت کی جائے گی۔

توقع ہے کہ اٹلی۔افریقہ سربراہی اجلاس آج شام کے اختتامی خطابات اور مشترکہ اعلامیے کے ساتھ اختتام پذیر ہو جائے گا۔



متعللقہ خبریں