ٹرمپ۔الزبتھ ملاقات، اس وقت ہم سالوں تک جاری رہنے والے اتحاد کا جشن منا رہے ہیں: ملکہ الزبتھ دوئم

برطانیہ کے اس زنجیر سے رہائی پانے پر ایک بڑا تجارتی سمجھوتہ ممکن ہو سکے گا۔ اس بارے میں ہم نے ابھی سے مذاکرات کا آغاز کر دیا ہے: صدر ڈونلڈ ٹرمپ

1213505
ٹرمپ۔الزبتھ ملاقات، اس وقت ہم سالوں تک جاری رہنے والے اتحاد کا جشن منا رہے ہیں: ملکہ الزبتھ دوئم

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے ملکہ الزبتھ  دوئم کے ساتھ ملاقات کی۔

سکیورٹی خدشات کی وجہ سے بگھی  کے ذریعے مارچ پاسٹ تقریب منسوخ کر دی گئی اور صدر ٹرمپ کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے بکھنگم پیلس لایا گیا۔

صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ ملینا کی پیلس  آمد پر برطانیہ کے ولی عہد پرنس چارلس اور ان کی اہلیہ کامیلا نے ان کا استقبال کیا۔

ملکہ الزبتھ دوئم کا ٹرمپ کے خیر مقدم کے لئے ہیلی کاپٹر کی جگہ تک نہ جانا  مرکز توجہ بنا، ملکہ الزبتھ کے ساتھ ہاتھ ملانے کے بعد صدر ٹرمپ نے سلامی کی گارڈ کا معائنہ کیا۔

صدر ٹرمپ کے اعزاز میں 41 توپوں کی سلامی پیش کی گئی اور ظہرانہ دیا گیا۔

ظہرانے کے بعد صدر ٹرمپ نے ویسٹ منسٹر ایبے کلیسا کا دورہ کیا اور گمنام سپاہی کی یادگار پر پھول چڑھائے۔

پرنس چارلس اور ان کی اہلیہ کامیلا نے مہمانوں کے اعزاز میں چائے پارٹی دی اور ملکہ الزبتھ دوئم نے اعشائشہ دیا جس میں صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ ملینا سمیت ٹرمپ کے چار بالغ بچوں اور ان کے شوہروں اور بیویوں نے بھی شرکت کی۔

اعشائیے کے موقع پر اپنے خطاب میں ملکہ الزبتھ نے کہا کہ "مجھے یقین ہے کہ ہمارے مشترکہ مفادات ہمارے باہمی تعلق کو تقویت دیتے رہیں گے"۔

دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کی مضبوطی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کی رات بیسیوں سالوں تک ہمارے عوام کی  خوشحالی و سلامتی کو یقینی بنانے میں معاونت کرے گی۔ اس وقت ہم سالوں تک جاری رہنے والے اتحاد کا جشن منا رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے بھی اپنے خطاب میں کہا ہے کہ اس وقت کہ جب ہم مشترکہ فتح کا جشن منا رہے ہیں ان مشترکہ اقدار کی طرف توجہ مبذول کروانا بھی ضروری ہے کہ جو دونوں ملتّوں کو اکٹھا رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ مشترکہ اقدار آزادی، خود مختاری، اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے کا اختیار، قانون کی بالادستی اور خدا کے عطا کردہ حقوق کا احترام ہیں۔

دوسری جنگ عظیم میں ملکہ کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا ہے کہ اس دور کی نوجوان معمار مستقبل کی ملکہ  اور ایک عظیم الشان عورت تھی۔

اعشائیے سے قبل اپنے ٹویٹر پیغام میں بھی ٹرمپ نے کہا ہے کہ دورہ لندن بہت اچھا جا رہا ہے ۔ ملکہ اور تمام شاہی خاندان بہت شاندار ہیں۔ برطانیہ کے ساتھ ہمارے تعلقات بہت مضبوط ہیں۔

پیغام میں برطانیہ کے یورپی یونین سے برگزٹ کا حوالہ دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا ہے کہ برطانیہ کے اس زنجیر سے رہائی پانے پر ایک بڑا تجارتی سمجھوتہ ممکن ہو سکے گا۔ اس بارے میں ہم نے ابھی سے مذاکرات کا آغاز کر دیا ہے۔



متعللقہ خبریں