ان انتخابات کے فاتح ہماری جمہوریت اور ہمارا ملّی ارادہ ہے: ایردوان

ہمارے شہریوں کی عقلِ سلیم اور سکیورٹی فورسز  کے ایثار کی بدولت ترک جمہوریت نے ایک دفعہ پھر اپنی بالغ النظری  ثابت کر دی ہے: صدر رجب طیب ایردوان

2122892
ان انتخابات کے فاتح ہماری جمہوریت اور ہمارا ملّی ارادہ ہے: ایردوان

صدر رجب طیب ایردوان نے کل کے بلدیاتی انتخابات کے بعد جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "ان انتخابات کے فاتح ہماری جمہوریت اور ہمارا ملّی ارادہ ہے"۔

صدر ایردوان نے بلدیاتی انتخابات  کے نتائج واضح ہونے کے بعد جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے مرکزی دفتر  کی بالکونی سے عوام سے خطاب کیا ہے۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ "ہمارے شہریوں کی عقلِ سلیم اور سکیورٹی فورسز  کے ایثار کی بدولت ترک جمہوریت نے ایک دفعہ پھر اپنی بالغ النظری  ثابت کر دی ہے"۔

انہوں نے کہا ہے کہ "جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ انتخابات جمہوریتوں کے نازک ترین دن ہوتے ہیں۔ ملّی ارادہ بیلٹ بکسوں پر واضح ہوتا ہے۔ ملّت اپنا فیصلہ ووٹ کے ذریعے کرتی اور ووٹ کے ذریعے ہی اپنی بات سیاست دان تک پہنچاتی ہے۔ 31 مارچ کے بلدیاتی انتخابات میں بھی ترک ملّت نے بیلٹ بکس کے وسیلے سے اپنا پیغام سیاست دانوں تک پہنچا دیا ہے۔ انتخابی نتائج سے قطع نظر ،ان انتخابات کی فاتح ہماری جمہوریت ، ہمارا ملّی ارادہ اور ہماری 85 ملین آبادی ہے"۔

صدر ایردوان نے ملک و ملّت کو بلدیاتی انتخابات کے نتائج کی مبارکباد دی اور  کہا ہے کہ "انتخابات کے غیر حتمی نتائج نے ثابت کیا ہے کہ بحیثیت جسٹس اینڈ  ڈویلپمنٹ پارٹی کے ملک بھر میں ہماری مقبولیت  میں کمی آئی ہے۔  یقیناً بلدیاتی سطح کے حالات اور پارٹی کی مقبولیت میں کمی  کے اسباب پر ہم تفصیلی غور کریں گے۔ ہم ہر اُس حلقے میں جہاں ہمیں شکست ہوئی اور ہماری مقبولیت میں کمی آئی ہے اس زوال کے اسباب کا نہایت محتاط تعین کریں گے اور اس کی اصلاح کے لئے تمام ضروری  اقدامات اُٹھائیں گے"۔



متعللقہ خبریں