ترکیہ: میونخ میں وزیر خارجہ فیدان کی دو طرفہ ملاقاتیں و مذاکرات

وزیر خارجہ خاقان فیدان، 60 ویں میونخ سکیورٹی کانفرنس کے دائرہ کار میں، جرمنی میں دو طرفہ مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہیں

2103801
ترکیہ: میونخ میں وزیر خارجہ فیدان کی دو طرفہ ملاقاتیں و مذاکرات

ترکیہ کے وزیر خارجہ خاقان فیدان جرمنی میں، 60 ویں میونخ سکیورٹی کانفرنس کے دائرہ کار میں، دو طرفہ مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

فیدان نے میونخ میں آئس لینڈ اور اٹلی کے وزرائے خارجہ کے ساتھ فرداً فرداً ملاقات کی۔

آئس لینڈ کے وزیر خارجہ بجارنی بینڈکٹسن کے ساتھ ملاقات میں نیٹو کے توسیعی مرحلے، یوکرین کی پیش رفتوں اور غزّہ کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

وزیر خارجہ فیدان کے،اٹلی کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ انتونیو تاجانی کے ساتھ مذاکرات میں  ترکیہ۔یورپی یونین تعلقات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

مذاکرات میں کہا گیا ہے کہ یونین کو رکنیت مذاکرات کے راستے میں حائل سیاسی رکاوٹیں ختم کر دینی چاہیئں۔ ترکیہ کے ساتھ دیگر امیدوار ممالک سے برعکس روّیہ ناقابل قبول ہے۔

مذاکرات میں اس ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے کہ غزّہ میں قتل عام روکنے کے لئے یورپی یونین کو زیادہ قوّی بیانات جاری  کرنا اور ٹھوس عملی اقدامات کرنا چاہیئں۔

مذاکرات میں لیبیا کے حالات پر بھی بات چیت کی گئی اور ملک میں پائیدار  امن کے لئے ممکنہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر خارجہ خاقان فیدان نے بین الاقوامی تعزیراتی عدالت UCM کے چیف اٹارنی کریم احمد خان کے ساتھ بھی ملاقات کی۔

سفارتی ذرائع سے موصول معلومات کے مطابق  چیف اٹارنی 'خان' نے غزّہ میں اسرائیلی کاروائیوں کے بارے میں جاری قانونی مرحلے کے بارے میں فیدان کو معلومات فراہم کی ہیں۔

خان نے کہا ہے کہ تمام تر بین الاقوامی اپیلوں کے باوجود اسرائیل نے اپنی غزّہ پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ بحیثیت 'بین الاقوامی تعزیراتی عدالت کے، قانون کی خلاف  ورزی کرنے والوں سے جوابدہی کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

فیدان نے بھی کہا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ قانونی مرحلہ وقت طلب ہے لیکن غزّہ کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ خراب ہو رہی ہے۔  حالات کے ناقابل واپسی نقطے پر پہنچنے کے بعد غزّہ کے عوام کے  حق میں کوئی فیصلہ جاری کرنا تباہی کا رُخ نہیں موڑ سکے گا۔

وزیر خارجہ خاقان فیدان نے جرمنی کی وزیر خارجہ اینالینا باربک  کے ساتھ بھی ملاقات کی اور غزّہ میں جاری قتل عام کے فوری سدّباب کے لئے حرکت میں آنے کی ضرورت پر زور دیا۔

مذاکرات میں دونوں فریقین نے غزّہ کے لئے انسانی امداد میں اضافے کے موضوع پر اتفاق کیا اور  باہمی اقتصادی تعلقات پر غور کیا ہے۔

فیدان نے یوکرین صدارتی دفتر کے سربراہ اینڈرے یرماک ، جرمنی سوشل ڈیموکریٹ پارٹی  SPD سے ڈپٹی اسمبلی اسپیکر  آئیدان اوعوز اور SPD کے خارجہ پالیسی گروپ  کے ترجمان نیلز سکمڈ کے ساتھ بھی ملاقات کی۔



متعللقہ خبریں