ترکیہ کسی بھی  قیمت پر عراق اور شام کے شمال میں دہشت گردی کو پاوں جمانے کی اجازت نہیں دے گا: ایردوان

ہم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کو اس کے گڑھ میں ختم کرنے کی حکمت عملی پر پورے عزم سے عمل کرتے رہیں گے: صدر رجب طیب ایردوان

2080098
ترکیہ کسی بھی  قیمت پر عراق اور شام کے شمال میں دہشت گردی کو پاوں جمانے کی اجازت نہیں دے گا: ایردوان

ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ "میں، عراق کے شمال میں علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیم کے حملوں میں شہید ہونے والے اپنے جرّی جوانوں کے لئے اللہ سے رحمت ومغفرت کا طلب گار ہوں اور ان کے کنبوں، عزیزو اقارب اور ملّت  کے ساتھ اظہارِ تعزیت کرتا ہوں"۔

سوشل میڈیا سے جاری کردہ بیان میں صدر ایردوان نے کہا ہے کہ "علیحدگی پسندوں سے شہداء کے خون کا حساب لے لیا گیا ہے اور لیا جا رہا ہے۔ ہم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کو اس کے گڑھ میں ختم کرنے کی حکمت عملی پر پورے عزم سے عمل کرتے رہیں گے"۔

انہوں نے کہا ہے کہ "ترکیہ کسی بھی  قیمت پر عراق اور شام کے شمال میں دہشت گردی کو پاوں جمانے کی اجازت نہیں دے گا۔ ہم، امپیریلسٹوں کے کرائے کے قاتل گروہوں کے خلاف جاری جدوجہد سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے"۔

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ "خونی قاتل بھی اور ان کے مددگار بھی جلد یا بدیر جان لیں گے کہ  ہمارے علاقے کے مستقبل میں دہشت گردی کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ میں، اندرونِ ملک بھی  اور سرحد پار بھی دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار ، اپنی سکیورٹی فورسز  کے لئے اللہ سے مدد و حمایت کا نیاز مند ہوں۔ اللہ ہمارے جرّی فوجیوں کو فتح و نصرت  سے سرفراز فرمائے"۔



متعللقہ خبریں