ترکی: وزیر دفاع حلوصی آقار، مسلح افواج کے سربراہ کے ہمراہ، آذربائیجان کے دورے پر

ہر ایک کو جان لینا چاہیے کہ مستقبل کی تعمیر کینے اور نفرت پر نہیں ہو سکتی۔ آرمینیا کو دشمنی چھوڑ کر مستقبل کی طرف دیکھنا چاہیے: آقار

1730747
ترکی: وزیر دفاع حلوصی آقار، مسلح افواج کے سربراہ کے ہمراہ، آذربائیجان کے دورے پر

ترکی کے وزیر دفاع حلوصی آقار نے کہا ہے کہ "یہ چیز اب ہر ایک کو سمجھ لینی چاہیے کہ مستقبل کی تعمیر کینے اور نفرت کی بنیادوں پر نہیں کی جا سکے گی۔ آرمینیا کو دشمنی چھوڑ کر مستقبل کی طرف دیکھنا چاہیے۔

وزیر دفاع آقار، ترک مسلح افواج کے سربراہ یاشار گلیر، برّی فوج کے کمانڈر جنرل موسیٰ آوسویر، بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل عدنان اوزبال اور ائیر فورس کے کمانڈر جنرل حسن کیوچک یُز کے ہمراہ آذربائیجان کے دورے پر ہیں۔

دارالحکومت باکو پہنچنے پر آذربائیجان کے وزیر دفاع ذاکر حسن اوف اور دیگر حکام نے آقار اور ان کے وفد کا خیر مقدم کیا۔ وفد ائیر پورٹ سے حیدر علی ییف سوشل کمپلیکس پہنچا اور "8 نومبر یومِ ظفر" کی تقریب میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب میں ترکی کے وزیر دفاع حلوصی آقار نے کہا ہے کہ آذربائیجان کی جرّی افواج کی حاصل کردہ فتح 44 روزہ جدوجہد کا نہیں 30 سالہ کوشش، عزم اور یقین کا نتیجہ ہے۔ یہ صرف آرمینیا کےخلاف ہی حاصل کردہ فتح نہیں ہے بلکہ سالوں سے جاری ناانصافیوں کے مقابل چُپ سادھنے والوں کے لئے بھی ایک بہترین جواب ہے۔

آقار نے کہا ہے کہ ہمیشہ کی طرح میں اب بھی کہتا ہوں کہ آپ کی خوشی ہماری خوشی اور آپ کی تکلیف ہماری تکلیف ہے۔ آپ سے ہمارا دِل و جان کا رشتہ ہے۔ اس برحق جدوجہد میں ہم ہمیشہ آپ کے ساتھ ہوں گے کیونکہ ہماری جڑیں ایک ہیں، ہم ایک ہی چنار کی شاخیں اور ایک ہی ملت کی اولاد ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ساری دنیا کو یہ جان لینا چاہیے کہ آذربائیجان۔ترکی بھائی چارہ ازل سے ہے اور ابد تک رہے گا۔ یہ کل بھی ایسے ہی تھا آج بھی ہے اور آئندہ بھی ایسے ہی رہے گا۔ صدر الہام علی ییف اور صدر رجب طیب ایردوان نے آئندہ نسلوں کے لئے امن کا ورثہ چھوڑنے کی خاطر نہایت درجے تعمیری طرز عمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے استحکام اور باہمی تعاون پر مبنی ایک نئے دور کے دروازے وا کئے ہیں۔

آقار نے کہا ہے کہ ہم آرمینیا سے بھی توقع رکھتے ہیں کہ وہ دشمنی کو پیچھے چھوڑ کر ہماری پیش کردہ 6 فریقی پلیٹ فورم تجویز سمیت اس تاریخی موقع کا جائزہ لے گا۔ اب ہر ایک کو جان لینا چاہیے کہ مستقبل کی تعمیر کینے اور نفرت پر نہیں ہو سکتی۔ آرمینیا کو دشمنی چھوڑ کر مستقبل کی طرف دیکھنا چاہیے۔ ہم اسی نقطی نظر کے ساتھ اپنے اوپر عائد ہونے والی تاریخی ذمہ داری کو پورا کریں گے اور علاقائی امن اور استحکام کے لئے کوشش کرنا جاری رکھیں گے۔

وزیر دفاع حلوصی آقار نے مسئلہ قارا باغ میں مستقل آذربائیجان کا ساتھ دینے پر پاکستان کا بھی شکریہ ادا کیا۔

 



متعللقہ خبریں