ترکی۔آذربائیجان۔پاکستان سہ فریقی اجلاس، اسلام آباد ڈیکلریشن پر دستخط کر دئیے گئے

سہ فریقی اجلاس میں ہم نے خاص طور پر رسل و رسائل اور انرجی کے شعبے میں مضبوط انفراسٹرکچر کی ضرورت پر بات چیت کی: چاوش اولو، میں پاکستان اور ترکی کی فرموں کو پہاڑی قارا باغ کی تعمیر نو میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں: بائراموف

1563362
ترکی۔آذربائیجان۔پاکستان سہ فریقی اجلاس، اسلام آباد ڈیکلریشن پر دستخط کر دئیے گئے

ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ ترکی۔پاکستان۔ آذربائیجان کے درمیان متعدد شعبوں میں سہ فریقی تعلقات کے فروغ کے لئے ہمارے درمیان اتفاق رائے طے پا  گیا ہے۔ ہم نے سلامتی، استحکام اور خوشحالی میں اضافے کے لئے اہم اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

میولود چاوش اولو نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ ترکی۔آذربائیجان ۔ پاکستان سہ فریقی وزرائے خارجہ اجلاس کے بعد منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ اجلاس میں ہم نے متعدد شعبوں میں مشترکہ کاروائیوں  کا اور سلامتی، استحکام اور خوشحالی میں فروغ کے لئے اہم اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

چاوش اولو نے کہا ہے کہ سربراہی اجلاسوں کے سلسلے کا پہلا اجلاس2017 میں ہم نے باکو میں کیا اور اب باری ترکی کی ہے۔ آج ہم نے زیادہ تواتر سے اس فارمیٹ  کے اجلاس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یعنی تین چار سال انتظار کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

چاوش اولو نے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بائراموف  کے ساتھ سہ فریقی اجلاس میں ہم نے تینوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت کا جائزہ لیا اور خاص طور پر رسل و رسائل اور انرجی کے شعبے میں مضبوط انفراسٹرکچر  کی ضرورت پر بات چیت کی ہے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےپریس  کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان کے ترکی اور آذربائیجان کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات ہیں اور ان سہ فریقی تعلقات  نے نہایت درجے اہمیت کی حامل باہمی اعتماد کی فضاء تشکیل دی ہے۔

قریشی نےکہا ہے کہ مذاکرات میں تجارت ، سرمایہ کاری اور سلامتی کے شعبوں کے ساتھ ساتھ ہم نے اسٹریٹجک اور سیاسی تعاون کے موضوعات پر بھی غور کیا۔ تینوں ممالک متعدد موضوعات میں فکری ہم آہنگی اور مشترکہ مفادات کے حامل ہیں۔

آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بائراموف نے کہا ہے کہ میں پاکستان اور ترکی کی فرموں کو آرمینی قبضے سے آزاد کرائے گئے علاقے پہاڑی قارا باغ کی تعمیر نو میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔

پریس کانفرنس کے بعد ترکی، آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور امن و سلامتی سمیت  متعدد شعبوں میں  باہمی تعاون کی تقویت کے لئے "اسلام آباد ڈکلیریشن " پر دستخط کئے گئے۔



متعللقہ خبریں