صومالیہ کے دکھوں کا مداوا سب سے پہلے امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے: چاوش اولو

اس وقت ہم صومالیہ کی ترقیاتی کوششوں کے ساتھ تعاون کے لئے فیلڈ میں اپنے صومالی بھائیوں کے ساتھ فعال کردار ادا کر رہے ہیں: وزیر خارجہ میولود چاوش اولو

1299281
صومالیہ کے دکھوں کا مداوا سب سے پہلے امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے: چاوش اولو

ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم کے صومالیہ رابطہ گروپ اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب میں انہوں نے سب سے پہلے صومالیہ کے شہر بلدوینے میں سیلاب  کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت کی اور اس کے بعد کہا کہ ترکی صومالیہ کے حکام کے ساتھ رابطے کی حالت میں ہے۔ ترکی کے تعاون و ترقیاتی ادارے TİKA ، محکمہ آفات و ہنگامی حالات AFAD  اور ترکی ہلالِ احمر نے سیلاب سے متاثرہ علاقے میں امدادی کاموں کا آغاز کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو صومالی عوام کے مصائب سے لا تعلق نہیں رہنا چاہیے۔ آج جو اجلاس یہاں ہو رہا ہے وہ ایک طویل عرصے سے صومالیہ کو درپیش مسائل پر توجہ مرکوز کرنے کے لئے ایک بھرپور اپیل  کی حیثیت رکھتا ہے۔

وزیر خارجہ چاوش اولو نے کہا ہے کہ صومالیہ کے زخموں پر مرہم رکھنا سب سے پہلے امت مسلمہ کا فریضہ ہے۔ ہمیں اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھ کر صومالیہ میں امن اور خوشحالی کے لئے ایک مشترکہ طرز عمل اختیار کرنا چاہیے۔ صومالیہ کی عالمی حیثیت کو بہتر بنانے کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام  کے قیام، قومی سلامتی  فورسز  کی تنظیم نو اور اقتصادی  ترقی کے لئے موزوں ماحول کی تشکیل کے لئے صومالیہ کو ہماری مدد کی ضرورت ہے۔

چاوش اولو نے کہا  ہےکہ اس موضوع پر ترکی کا موقف بہت واضح ہے ۔ اس وقت ہم صومالیہ کی ترقیاتی کوششوں کے ساتھ تعاون کے لئے فیلڈ میں اپنے صومالی بھائیوں کے ساتھ فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہماری انسانی و ترقیاتی امداد اس وقت تک ایک بلین ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔ اس کے علاوہ سکیورٹی کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے ہم صومالیہ کی قومی سلامتی فورسز کی تنظیم نو  کے کاموں کے ساتھ بھی تعاون کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔



متعللقہ خبریں