چشمہ شفاء۔10

آج ہم آپ کے ساتھ صحت کے جس موضوع پر بات کریں گے وہ ہے "بچوں میں قوت مدافعت  کو مضبوط بنانے  کے لئے قدرتی تجاویز"

1903093
چشمہ شفاء۔10

ڈاکٹر مہمت اُچار کے طبّی مشوروں پر مبنی پروگرام "چشمہ شفاء" کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔

 

آج ہم آپ کے ساتھ صحت کے جس موضوع پر بات کریں گے وہ ہے "بچوں میں قوت مدافعت  کو مضبوط بنانے  کے لئے قدرتی تجاویز"۔

قدرت کی انسان کو عطیہ کردہ غذاوں کو ضرورت کے مطابق اور متوازن شکل میں استعمال کروا کے آپ اپنے بچے کی قوت مدافعت مضبوط بنا سکتے اور بیماریوں کے مقابل زیادہ طاقتور بنا سکتے ہیں۔

تو آئیے دیکھتے ہیں ایک مضبوط قوت مدافعت کے لئے کیا کِیا  جانا چاہیے اور کیسے کیا جانا چاہیے۔

 

1۔متوازن خوراک

بچوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے صحتمند اور متوازن غذا  کے مستقل استعمال کی طرف توجہ دیں۔

 

2۔ دودھ اور دودھ کی مصنوعات

دن میں ایک کپ دودھ، دہی، لسّی یا رائتے کا استعمال کریں۔ بچوں کے لئے ان  غذاوں کو مرغوب بنانے کے لئے ان میں پھل  یا پھلوں کا گودا شامل کیا جا سکتا ہے۔

 

3۔ سامن مچھلی

اومیگا 3 سے مالا مال ہونے کی وجہ سے سامن مچھلی بچوں کی ذہنی نشوونما میں مدد دیتی  اور متعدی بیماریوں سے محفوظ رکھتی ہے۔

 

4۔ شہد

شہد قوت مدافعت میں اضافہ کرنے اور خون کی کمی کو دور کرنے والی غذا ہے۔ اگر بچے سادہ شہد استعمال نہ کریں تو اسے تازہ پھلوں پر ڈال کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

5۔ کیوی

وٹامن سی کی مقدار دیگر پھلوں کے مقابلے میں بلند ہونے کی وجہ سے کیوی جسم کی قوت مدافعت  کو مضبوط بنانے والے اینٹی آکسیڈنٹ سے مالا مال پھل ہے۔

 

6۔ دہی

گھرکا جما دہی خاص طور پربلند مقدار میں  پری بائیوٹک خصائص کی حامل غذا ہے۔ یہ خصائص بچوں  کے لئے متعدی بیماریوں کے مقابل حقیقی معنوں میں ایک ڈھال ثابت ہوتے ہیں۔ اگر بچے سادہ دہی پسند نہ کریں تو اس میں تازہ پھل  یا سبزیاں شامل کی جا سکتی ہیں۔

 

7۔ دہی اور کیلا

اپنے بچے کو ہر روز ایک پیالی دہی میں ایک کیلا' کاٹ یا پیس کر' شامل کر کے کھِلائیں۔ دہی اور کیلا دونوں  پری بائیوٹک غذائیں ہونے کی وجہ سے زیادہ موئثر اثرات ظاہر کرتی ہیں۔ اس غذا کو ناشتے  اور دوپہر کے کھانے کے درمیان  یا پھر دوپہر اور شام کے کھانے کے درمیان استعمال کیا جانا چاہیے۔

 

8۔ ادرک اور ہلدی مِلا دہی

ہر روز گھر کے بنے دہی میں ایک کتلا باریک کٹا ہوا ادرک اور ایک چُٹکی ہلدی مِلا کر بچوں کو کھِلائیں۔ ان دو مصالحوں کی بدولت آپ کا بچہ پورے موسمِ سرما میں نزلے زکام کھانسی اور دیگر متعدی بیماریوں سے محفوظ رہے گا۔

 

9۔ لہسن

اینٹی بیکٹیریل خصوصیات کی وجہ سے جسم کی قوت مدافعت کو مضبوط بناتا اور پرداخت کے دوران بچوں میں دمے کے خطرے کو بھی کم کرتا ہے۔ اس وجہ سے تقریباً تقریباً سب کھانوں میں لہسن کا استعمال کیا جانا چاہیے۔

کھانوں میں لہسن کی زیادہ مقدار بیماریوں کے خطرے کو کم کرتی ہے۔ اسے بھون کر استعمال کرنے کی بجائے اچھی  طرح پیسنے کے بعد پانی ملا کر کھانوں میں استعمال کریں ۔ اس طرح لہسن میں شامل اینٹی آکسیڈنٹ جل کر ختم ہونے سے محفوظ رہیں گے۔ اس کے علاوہ لہسن کو اچار کی شکل میں  اور  دہی میں ڈال کر رائتے کی شکل میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

10۔ جئی کا دلیہ

جئی کا دلیہ پوسے کی بلند مقدار کی وجہ سے نہایت فائدہ مند غذا ہے۔ اسے کیلے، بادام اور شہد کے ساتھ دودھ میں مِلا کر بچوں کو کھِلایا جا سکتا ہے۔

 

11۔ بروکلی

وٹامن سی، اے اور ای سے مالا مال یہ سبزی مکمل معنوں میں اینٹی آکسیڈنٹ کا ذخیرہ ہے۔ اسے سوپ ، کھانے اور سلاد کی شکل میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

12۔ مسور کی دال

موسمِ خزاں میں سُوپ یا کھانے کی شکل میں ہفتے میں دو دفعہ دال کا استعمال بچوں کی نشوونما  میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

 

13۔انڈہ

ماں کے دودھ کے بعد انڈہ اپنے اندر شامل پروٹین کی وجہ سے جسم کی اہم ترین ضرورت شمار ہوتا ہے۔ انڈہ صرف پروٹین ہی نہیں  بلکہ فولاد، وٹامن اے، ڈی، ای اور بی 12 کے حوالے سے بھی بہترین غذا ہے۔ اسے اُبال کر ، فرائی کر کے، ٹماٹر  اور پیاز کے ساتھ یا پھر میٹھا  آملیٹ بنا کر  جیسے آپ کا بچہ پسند کرے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

14۔ خشک میوہ جات

خشک میوہ جات قوت مدافعت کو مضبوط کرنے والے وٹامن ای، زِنک اور اومیگا 3 کے حوالے سے اہم غذائیں ہیں۔ بچوں کو صحت مند اور بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے ان کے لنچ باکس میں بادام، اخروٹ، کدو کا مغز ضرور شامل کریں۔ یا پھر صبح کا ناشتہ صرف مٹھی بھر خشک میوہ جات  کی شکل میں ہو سکتا ہے۔

 

15۔ بہترین نیند

بہترین نیند ، ہاتھوں کو صابن سے دھونا، کمرہ جماعت  کو ہوا دار رکھنا، سردیوں میں وقفے وقفے سے کھڑکیاں کھول کر تازہ ہوا کو داخل کرنا  یہ سب عناصر بچوں کی جراثیم سے بچانے اور قوت مدافعت کو مضبوط رکھنے میں مددگار  ثابت ہوتے ہیں۔

 

16۔ مگس کا دودھ اور شہد

شہد کی مکھی کا دودھ 3 سال سے بڑے بچوں کو ہر صبح ناشتے سے قبل شہد میں مِلا کر کھِلانا چاہیے۔ یہ آمیزہ ایک چھوٹے چمچ سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔3 سال سے کم عمر یا پھر دمے کے مریض بچوں کو یہ آمیزہ دینے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کر لیں۔

 

17۔ اجوائن

ہر روز اجوائن کی چائے نہ صرف قوت مدافعت کو مضبوط بناتی ہے بلکہ پھیپھڑوں اور حلق کے ورم جیسی بیماریوں پر قابو پانے میں بھی مدد دیتی ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ اجوائن کی چائے  مکمل معنوں میں کھانسی، نزلے، زکام سے محفوظ رکھنے  کا شربت ہے۔ اسے استعمال کرنے کا طریقہ نوٹ فرما لیں۔ ایک گلاس پانی میں 2 چھوٹے چمچ اجوائن ملا کر پانی کو اُبالیں۔ اُبلنے کے بعد چولہے سے اتار لیں اور ایک چمچ شہد مِلا ئیں اور  ہر روز بچے کو پِلائیں۔

 



متعللقہ خبریں