ترکی اور تعلیم ۔ 96

ای وی ایس پروگرام کے تحت بیرون ملک رضاکارانہ خدمات کا آسان موقع حاصل کرنے کا طریقہ کار

363208
ترکی اور تعلیم ۔ 96

صدائے ترکی سے بین الاقوامی سطح پر تعلیم حاصل کرنے کے مواقع اور امکانات پر جامع معلومات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ہم آج کی قسط میں بھی آپ کے دریافت کردہ سوالات کا جواب دینے کے سلسلے کو جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ ہنگری اور جارجیا سے EVS یعنی یورپین وولینٹری سروس کے تحت ترکی آنے والے دو رضا کاروں انا اور سوہیرنا کے تاثرات کو بھی گوشِ گزار کریں گے۔
سوال:میں مڈل اسکول سے فارغ التحصیل ہوں، کیا میں ای وی ایس پروگرام سے استفادہ کر سکتا ہوں؟
جواب: "جی ہاں، ای وی ایس پروگرام میں شمولیت کے لیے واحد شرط سترہ تا تیس سال کی عمر کا ہونا ہے۔تحصیل یا پھر مالی صورتحال یورپین رضا کارانہ خدمات کے لیے رکاوٹ تشکیل نہیں دیتی۔"
سوال: میں ایک معذورنوجوان ہوں ، میرے لیے 2 تا 12 ماہ کے دورانیے کے لیے بیرونِ ملک خدمات ادا کرنا ممکن نہیں۔ کیا کم عرصے پر محیط پروگرام کے لیے درخواست دائر کر سکتا ہوں؟
جواب: "محدود امکانات یعنی سوشیو ۔اکانومک ، ثقافتی یا پھر جغرافیائی اعتبار سے کم سطح کے امکانات کے حامل یا پھر معذور نوجوانوں کے لیے 14 تا 59 دنوں تک محدود قلیل مدت کے پروگراموں سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ اگر معذور درخواست دہندہ تنہا سفر کرنے سے قاصر ہوتا ہے تو اس صورت میں اس کی ہمراہی کرنے والے شخص کے تمام تر اخراجات بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔"
سوال: یورپین وویلنٹری سروس کے دوران جیب خرچ کی مقدار کیا ہے؟
جواب:"جیب خرچ کی مقدار کا تعین اُس ملک کی معاشی صورتحال کے مطابق کیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر ترکی آنے والوں کو مختلف، جرمنی یا پھر فن لینڈ جانے والے نوجوانوں کو مختلف مقدار میں جیب خرچ ادا کیا جاتا ہے۔ "
سوال: ای وی ایس کے دوران میں کہاں قیام کروں گا؟
جواب:"دوران خدمات قیام کی کوئی معینہ طریقہ کار موجود نہیں ۔آپ کسی مقامی کنبے کے ہمراہ، ہاسٹل یا پھر اسی پروگرام کے تحت کام کرنے والے دیگر رضاکاروں کے ہمراہ کسی فلیٹ میں بھی قیام کر سکتے ہیں۔ یعنی قیام کا مقام میزبانی کرنے والی تنظیم کے اصولوں کی رُو سے ایک دوسرے سے مختلف ہو سکتا ہے۔ "
اب ہم ای وی ایس کے رضاکاروں انا زکس سائی اور سوہرینا سے ہونی والی بات چیت کو آپ کی خدمت میں پیش کر رہے ہیں۔
انا، آپ نے ای وی ایس پروگرام کے تحت خدمات کے لیے کیونکر ترکی کا انتخاب کیا؟
"میں پہلی بار پندرہ برس کی عمر میں اپنی سہیلیوں کے ہمراہ بیک پیک لیتے ہوئے سیاحتی شہر انطالیہ آئی تھی ، اسی وقت مجھے ترکی سے دلی لگاو ہو گیا تھا۔ بعد ازاں میں نے مرسن، انقرہ، کاپادوکیا اور استنبول کی بھی سیر کی۔ مجھے ترکی زبان سیکھنے کا اشتیاق ہوا اسی وجہ سے میں نے ہنگری میں شعبہ ترکالوجی میں داخلہ لے لیا۔ اس دوران میرا چھ بار ترکی آنا ہوا۔"
یورپی رضاکارانہ خدمات کی بدولت آپ جس ملک کو جاتے ہیں وہاں سے بلا اُجرت زبان سیکھنے کا کورس بھی لے سکتے ہیں۔ لیکن آپ ترکی آنے سے قبل بھی تھوڑی بہت ترکی زبان جانتی تھیں۔ اگر ہنگیرین اور ترکی زبان کے درمیان آواز کی مشابہت کو مد نظر رکھا جائے تو کیا آپ کو ترکی زبان سیکھنا آسان لگا تھا؟
جی ہاں، یہ مشابہت میرے لیے آسانی پیدا کرتی رہی۔ مثلاً ' میری جیب میں ایک چھوٹا سا سیب ہے" جملہ ہنگیرین زبان میں بھی تقریباً ایک جیسا ہے۔
سوہرینا ہمارے علم کے مطابق آپ کا ترکی سے متعلق تجربہ انا کے مقابلے میں مختلف ہے۔
"میں 5 ماہ قبل یہاں آئی تھی، مجھے ترکی زبان بالکل نہیں آتی تھی۔ میں نے زیادہ تر انقرہ میں قیام کیا جبکہ مجھے ایک بار ازمیر جانے کا بھی موقع ملا۔ میں مزید ایک ماہ انقرہ میں قیام کے بعد تبلیسی لوٹتے ہوئے شعبہ ٹرکالوجی میں داخلہ لینے کی کوشش کروں گی۔
انا آپ نے ترکی کے متعدد مقامات کی سیر کی ہے کیاآپ کو استنبول اور کپادوکیا جانے کا موقع ملا ہے؟
"جی ہاں، میں کپادوکیا کی سیر کا سب کو مشورہ دوں گی، یہ ایک حیرت انگیز مقام ہے۔ میں چار ماہ تک ایراسموس پروگرام کے تحت استنبول یونیورسٹی کی لاء فکیلٹی میں تعلیم حاصل کر چکی ہوں۔ "
آپ کو استنبول کیسا لگا؟ بہت اچھا لگا، یہ ایک تاریخی و سیاحتی شہر ہے۔ لہذا انسان روزانہ کسی نئے مقام کی سیر کا موقع حاصل کر سکتا ہے ، جس سے بوریت کا ہر گز احساس نہیں ہوتا۔ استنبول کو ایکسچینج پروگرام کے تحت طلباء کی ایک کثیر تعداد آتی ہے جس سے یہاں کے ماحول کو مزید چار چاند لگ جاتے ہیں۔
انا آپ کس نوعیت کے منصوبے پر کام کر رہی ہیں؟
" میں انگریزی سے ترکی زبان میں ترجمہ کرتی ہوں۔ علاوہ ازیں ہم مختلف فیسٹیولز کا بھی اہتمام کرتے ہیں۔ جس کے لیے دفتر میں کافی کام ہوتا ہے۔"
سوہیرنا کیا تم بھی فیسٹیول کے انعقاد میں خدمات ادا کرتی ہو؟
" ہم نسلوں کے ملاپ زیر عنوان میلے میں بچوں اور بوڑھوں کو یکجا کرتے ہیں۔ ہم بچوں اور عمر رسیدہ لوگوں کے ساتھ چار مختلف مقامات پر امور سر انجام دیتے ہیں اور نوجوانوں کو بوڑھوں کے تجربات سے استفادہ کرنے کا ماحول فراہم کرتے ہیں۔"
غیر ملکی رضاکاروں کے ساتھ پہلی بار متعارف ہونے کا موقع حاصل کرنے والے کا رد عمل کیسا ہوتا ہے، خاصکر بزرگوں کا؟
"ان کو بڑا تجسس ہوتا ہے، یہ لوگ اس غیر متوقع چیز پر کچھ مدت تک سوچ و بیچار میں گم ہو جاتے ہیں، ہم سے کئی سوال کرتے ہیں۔ لیکن اس کے ساتھ یہ ہمارے ساتھ بھر پور طریقے سے تعاون کرتے ہیں۔ یہاں پر عمومی طور پر لوگ بڑے مدد شناس ہیں۔
آپ کو ترکی کھانے کیسے لگے؟ کونسا کھانا آپ کو زیادہ پسند آیا؟
انا نے بتایا کہ مجھے قیمے، پنیر اور آلو کے پراٹھے، کباب اور اسکندر کافی پسند آئے ہیں۔ آئس کریم کے ساتھ بکلاوا میرا فیورٹ میٹھا ہے۔ دوسری بھی کئی خوردنی چیزیں مجھے بے حد پسند آئی ہیں۔
سوہرینا کا کہنا تھا کہ مجھے ترک مٹھائیاں اور کچے کوفتے سب سے زیادہ پسند آئے ہیں۔
آپ کے خیال میں نوجوانوں کو ای و ی ایس پروگرام میں حصہ لینا چاہیے؟
"ہم سمجھتے ہیں کہ بیرون ملک جانے کے لیے یہ ایک شاندار موقع فراہم کرتا ہے۔ کھانے پینے اور جائے قیام کا مفت حصول اس چیز کو مزید آسان بنا دیتا ہے۔ علاوہ ازیں آپ کو انگریزی زبان کو فروغ دینے میں بھی مدد ملتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس ملک کی زبان سیکھنے کا بھی موقع ملتا ہے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں