ٹرمپ نے چینی مصنوعات پر مزید 5 فیصد ٹیکس لگا دیا،کاروباری حلقے پریشان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کی 550 ارب ڈالر کی تجارتی مصنوعات پر مزید پانچ فیصد اضافی محصولات عائد کرنے کا اعلان کرتےہوئے کہا کہ چین سالہا سال سے تجارت کی مد میں امریکہ کا پیسہ چوری کر رہا ہے

1257691
ٹرمپ نے چینی مصنوعات پر مزید 5 فیصد ٹیکس لگا دیا،کاروباری حلقے پریشان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کی 550 ارب ڈالر کی تجارتی مصنوعات پر مزید پانچ فیصد اضافی محصولات عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا ہے چین سالہا سال سے تجارت کی مد میں امریکہ کا پیسہ چوری کر رہا ہے اس سے تجارت کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

صدر ٹرمپ کی جانب سے یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چین نے 75 ارب ڈالر کی امریکی مصنوعات پر ٹیکس عائد کر دیا تھا جس پر صدر ٹرمپ نے چین میں کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کو کام بند کرنے کی ہدایت کی تھی۔

چین اور امریکہ کے تجارتی تنازعے میں شدت کو ماہرین عالمی تجارت کے لیے نقصان دہ قرار دے رہے ہیں اور اُنہیں خدشہ ہے کہ اس سے عالمی کساد بازاری جنم لے سکتی ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں مزید کہا کہ ہمیں چین کی ضرورت نہیں بلکہ ہم اس سے تجارت کے بغیر زیادہ فائدے میں رہیں گے۔

 اُن کا کہنا تھا کہ سالہا سال سے چین امریکہ سے تجارت کے ذریعے بھاری سرمایہ کما رہا  اور چوری کر رہا ہے جسے اب روکنا ہوگا۔

صدر ٹرمپ نے یہ اعلان گزشتہ روز  اُس وقت کیا تھا جب بازار حصص  میں تجارت بند ہو چکی تھی۔

ماہرین اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ آئندہ ہفتے  بازار کے آغاز پر اس فیصلے کا کاروبار پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بد قسمی سے ماضی کی انتظامیہ نے چین کے ساتھ تجارت میں توازن نہیں رکھا جس کا نتیجہ امریکی ٹیکس دہندگان پر بوجھ کی صورت میں ہمیں بھگتنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ یکم اکتوبر سے 250 ارب ڈالر کی چینی درآمدات پر عائد ٹیکس 25 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد کر دے گا۔

صدر ٹرمپ نے یہ بھی اعلان کیا کہ چین کی 300 ارب ڈالر کی دیگر مصنوعات پر ٹیکس 10 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کیا جا رہا ہے۔

 ان میں سے آدھی مصنوعات پر ٹیکس یکم ستمبر جب کہ باقی مصنوعات پر 15 دسمبر سے نافذ العمل ہوگا۔

خیال رہے کہ صدر ٹرمپ رواں ماہ فرانس میں شیڈول جی سیون اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں جہاں امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ تجارتی تناؤ پر کھل کر بات چیت ہو گی

 



متعللقہ خبریں