پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری

جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب لکی مروت کے منجیولا چوک پر دہشت گردوں نے پولیس وین پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی گل محمد خان اور ایک اہلکار ہلاک ہو گئے

2125758
پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت اور جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں ڈی ایس پی سمیت تین پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی فوج نے ڈیرہ اسماعیل خان میں جھڑپ کے دوران آٹھ دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب لکی مروت کے منجیولا چوک پر دہشت گردوں نے پولیس وین پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی گل محمد خان اور ایک اہلکار ہلاک ہو گئے۔

ایک اور واقعے میں جمعے کی شام جنوبی وزیرستان میں انسدادِ پولیو مہم میں سیکیورٹی کے فرائض انجام دینے والے پولیس اہلکار کو نامعلوم حملہ آوروں نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

پاکستان فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جینس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

بیان کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

بنوں اور قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کو ملانے والے علاقے جانی خیل میں ساجد نامی فرنٹیئر کور کے اہلکار پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس حکام کے مطابق لکی مروت اور بنوں میں پیش آنے والے واقعات کے بعد سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

جنوبی وزیرستان کے مرکزی انتظامی شہر وانا کے علاقہ مانڑہ میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے تھانہ راغزٸی کی حدود میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار کو نشانہ بنایا۔ ہلاک ہونے والا پولیس اہلکار انسدادِ پولیو مہم میں شامل اہلکاروں کے ساتھ ڈیوٹی کرنے کے بعد گھر واپس جا رہا تھا۔

 



متعللقہ خبریں