معیشت کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیراعظم شہباز شریف

بدھ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملکی معیشت کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس بدھ کو منعقد ہوا

2118058
معیشت کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیراعظم شہباز شریف

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے معاشی اصلاحات کے نفاذ کی خود نگرانی کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

بدھ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملکی معیشت کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس بدھ کو منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، محمد اورنگزیب، جام کمال خان، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، سردار اویس خان لغاری، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد، ڈاکٹر اعجاز نبی، ڈاکٹر نوید احمد، ڈاکٹر فراز حیات اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ملکی معیشت کے مختلف شعبوں میں اصلاحات کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔

اجلاس میں برآمدات میں اضافے، بجلی شعبے کی ترقی، محصولات میں اضافے، صنعتی ترقی کے حوالے سے تجاویز دیتے ہوئے ایک جامع روڈ میپ پیش کیا گیا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام و ترقی کیلئے بین الاقوامی ماہرین اور تمام سٹیک ہولڈرز کو مشاورتی عمل کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیاہے۔

سٹیک ہولڈرز سے مشاورتی اجلاسوں کی خود صدارت کروں گا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ برآمدات کی عالمی منڈی تک رسائی اور برآمدی صنعت کو تمام سہولیات یقینی بنائیں گے،مزید ٹیکس کی بجائے ٹیکس نیٹ بڑھانے سے محصولات میں اضافہ کریں گے، پاکستان میں چھوٹے، درمیانے اور بڑے پیمانے کی صنعت کو ترقی دیں گے۔

وزیرِاعظم نے معیشت کے شعبوں کی مرحلہ وار اصلاحات پر رپورٹ مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔وزیرِاعظم نے ملکی درآمدی پالیسی میں ویلیو ایڈیشن سے برآمدات بڑھانے کو کلیدی اہمیت دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بجلی شعبے کی موجودہ استعداد کو بروئے کار لانے کیلئے جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید اور بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ علم و ہنر سے لیس کریں گے۔

وزیرِاعظم نے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے اجراء کی بھی ہدایت کی۔پاکستان میں برآمدی شعبے کی وسیع استعداد سے فائدہ اٹھانے کیلئے بین الاقوامی ماہرین کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔وزیرِ اعظم نے ملکی معیشت کے شعبوں کی مرحلہ وار اصلاحات پر رپورٹ مرتب کرکے پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔



متعللقہ خبریں