آصف علی زرداری نے پاکستان کے 14ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ان سے حلف لیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف ، قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق، سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف، ارکان پارلیمنٹ، سیاسی رہنماؤں، مسلح افواج کے سربراہان اور دوسرے اعلیٰ حکام

2113476
آصف علی زرداری نے پاکستان کے 14ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا

آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں ایک تقریب میں ملک کے چودہویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا  ہے

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ان سے حلف لیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف ، قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق، سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف، ارکان پارلیمنٹ، سیاسی رہنماؤں، مسلح افواج کے سربراہان اور دوسرے اعلیٰ حکام نے تقریب میں شرکت کی۔

پاکستان مسلم لیگ نون اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مشترکہ امیدوار آصف علی زرداری نے گزشتہ روز صدارتی انتخاب میں سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود خان اچکزئی کو شکست دی۔

آصف علی زرداری پاکستان کے پہلے منتخب صدر ہیں جو دوسری بار عہدہ صدارت پر فائز ہوئے ہیں۔

اس سے قبل انہوں نے دو ہزار آٹھ سے دو ہزار تیرہ تک ملک کے گیارہویں صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور وہ اس عہدے پر مدت مکمل کرنے والے پہلے سیاستدان تھے۔

اٹھارہویں ترمیم کے تحت وہ پارلیمانی جمہوریت مستحکم کرنے کیلئے صدارتی اختیارات سے دستبردار ہوگئے اور صوبائی خود مختاری کو فروغ دیتے ہوئے سیاسی مفاہمت کی راہ اختیار کی۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پہلے عہد صدارت کے دوران ایسی پالیسیوں کی تشکیل میں مدد دی جن سے ذرائع ابلاغ کو آزادی ملی، ٹیلی مواصلات کے شعبے میں انقلاب برپا ہوا، پاکستان کا توانائی کا شعبہ بحال ہوا، ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھلے اور ملکی ادارے مضبوط ہوئے۔

ان کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے ساتویں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ پر تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کیا جس سے صوبوں کی مالی خودمختاری میں اضافہ ہوا۔

پیپلز پارٹی کی حکومت نے آغاز حقوق بلوچستان پیکیج بھی شروع کیا جس کا مقصد صوبوں کی تیز تر ترقی و خوشحالی ہے۔

ملک سے پولیو کے مہلک مرض کے مکمل خاتمے کے لئے صدر آصف علی زرداری نے دوہزار گیارہ میں پاکستان کے پہلے قومی ہنگامی ایکشن پلان کا بھی آغازکیا۔

 



متعللقہ خبریں