پاکستان بلاک سیاست پر یقین نہیں رکھتا، پاک آرمی چیف

کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور کوئی بھی یک طرفہ اقدام کشمیری عوام کی خواہشات کے خلاف اس تنازعے کی حیثیت کو بدل نہیں سکتا

2078828
پاکستان بلاک سیاست پر یقین نہیں رکھتا، پاک آرمی چیف

پاک آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان بلاک سیاست پر یقین نہیں رکھتا اور تمام دوست ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھنے  کا خواہاں  ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق امریکا میں جنرل عاصم منیر نے ممتاز امریکی تھنک ٹینکس اورمیڈیا ارکان سے خصوصی گفتگو کے دوران جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک استحکام پر پاکستان کا نقطہ نظر اجاگر کیا۔

آرمی چیف نے بتایا کہ ’’کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور کوئی بھی یک طرفہ اقدام کشمیری عوام کی خواہشات کے خلاف اس تنازعے کی نوعیت کو تبدیل نہیں کرسکتا‘‘۔

آرمی چیف نے غزہ میں فوری جنگ بندی کے خاتمے، انسانی ہمدردی اور خطے میں پائیدار امن کے لیے دو ریاستی حل کے نفاذ کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ  ’’پاکستان علاقائی استحکام اور عالمی امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کئی دہائیوں سے بین الاقوامی دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما ہے۔‘‘

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان جیوپولیٹیکل، جیواکنامک دونوں نقطہ نظر سے اہم ترین ملک ہے، وسطی ایشیا کے دیگر ممالک سے مضبوط تعلقات کے لیے اہم کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے بھی ملاقات کی، سپہ سالار نے بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ۔

 



متعللقہ خبریں