مختصرترین مدت میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے اور بہت بڑی تباہی سے بچایا: وزیراعظم شہباز شریف

یہ بات انہوں نے قوم سے آخری خطاب میں کہی، انہوں نے کہا کہ ہم آئین کے راستے سے آئے تھے اور اس ہی راستے پر چلتے ہوئے ضمیر اور قلب کے اس اطمینان کے ساتھ واپس جا رہے ہیں کہ آپ کے اعتماد، وسائل اور اختیارات کی امانت میں کوئی خیانت نہیں کی

2023919
مختصرترین مدت میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے اور بہت بڑی تباہی سے بچایا: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ  16 ماہ کے صبر آزما کٹھن سفر کی آئینی مدت ختم ہوگئی، مختصرترین مدت میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے اوربہت بڑی تباہی سے بچالیا ہے اور پاکستان کو معاشی خود انحصاری کی راہ پر گامزن کردیا، ملک کے خوشحال مستقبل کیلئے چراغ روشن کرکے جارہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے قوم سے آخری خطاب میں کہی، انہوں نے کہا کہ ہم آئین کے راستے سے آئے تھے اور اس ہی راستے پر چلتے ہوئے ضمیر اور قلب کے اس اطمینان کے ساتھ واپس جا رہے ہیں کہ آپ کے اعتماد، وسائل اور اختیارات کی امانت میں کوئی خیانت نہیں کی۔

قوم سے الوداعی خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ آئین کے راستے سے آئے تھے اور اس پر چلتے ہوئے واپس جارہے ہیں، ضمیر اور قلب کے اطمینان کے ساتھ واپس جارہے ہیں۔ ملک کی باگ دوڑ نگراں حکومت کے سپرد کررہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ راجا ریاض کی مشاورت سے نگراں وزیراعظم کے لیے انوار الحق کاکٹر پر اتفاق ہوا، امید ہے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکٹر شفاف اور غیرجابندار انتخابات کا انعقاد  یقینی بنائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ وقت اور ریکارڈ گواہی دے گا کہ مختصر مدت میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، قومی مفادات پر آنچ نہیں آنے دی، اگر ملک ڈیفالٹ ہوجاتا تو ملک میں تباہی کی صورتحال ہوتی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عظیم دوست ملکوں نے مشکل وقت میں ساتھ دیا، معاشرے کے کمزور ترین طبقات کو قلیل مدت میں ریلیف دیا، مہنگائی ہوئی مگراشیا کی قلت نہ ماؤں بیٹیوں کو قطاروں میں کھڑا ہونا پڑا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک کے سنگین ترین معاشی بحران سے نکلنے کے لیے اللہ نے توفیق دی، میڈیا کو آزادی اور ورکرز کو حقوق دیے، توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے چراغ روشن کرکے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کو مقدم جانتے ہوئے سیاست کو قربان کیا، سابق حکومت نے آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدے توڑ کر معاشی بارودی سرنگیں بچھائیں،  اگر ملک ڈیفالٹ ہوجاتا تو کھانے پینے کی اشیا کی قلت ہوجاتی۔



متعللقہ خبریں