وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں تین خصوصی اقتصادی زونز کا سنگ بنیاد رکھا

وزیراعظم نے پیر کے روز  کو لاہور میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صنعتی شعبے پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی منڈی میں برآمدات کومسابقت کا حامل بنانے کے لئے متبادل توانائی کو بروئے کار لائے

2015515
وزیراعظم  شہباز شریف نے لاہور میں تین خصوصی اقتصادی زونز کا سنگ بنیاد رکھا

وزیراعظم محمدشہبازشریف نے لاہور اور شیخوپورہ میں تین صنعتی زونز کا سنگ بنیاد رکھا۔

OMBRE خصوصی اقتصادی زون، سندر گرین خصوصی اقتصادی زون اور سمارٹ خصوصی اقتصادی زون لاہور اور شیخوپورہ میں قائم کئے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے پیر کے روز  کو لاہور میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صنعتی شعبے پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی منڈی میں برآمدات کومسابقت کا حامل بنانے کے لئے متبادل توانائی کو بروئے کار لائے۔

انہوں نے کہا کہ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث واحد انتخاب شمسی توانائی، ہوا اور پانی سے توانائی کا ہے تاکہ مقامی مصنوعات سستی ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ گردشی قرضے کے مسئلے کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے جو لائن لاسز اور بجلی کی چوری کے باعث بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے تین خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے لئے لائحہ عمل وضع کرنے پر نجی شعبے کی تعریف کی اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔

انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کی جانب سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کا عزم بھی قابل تعریف ہے۔ نجی شعبہ تین میگاواٹ کاشمسی بجلی گھراور پیشہ ورانہ تربیت مرکز جیسی دیگر سہولیات بھی قائم کریگا۔

انہوں نے امیدظاہر کی کہ عبوری حکومت بھی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔

وزیراعظم نے ملک بھر میں خصوصی اقتصادی زونز کا جال پھیلانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک پبلک سیکٹر کے خصوصی اقتصادی زونز کا تعلق ہے حکومت سرمایہ کاروں کو مفت اراضی فراہم کرے گی جس طرح اس نے بہاولپور سولر پارک کیلئے فراہم کی ہے۔

 

 



متعللقہ خبریں