آزاد کشمیر میں نئے وزیر اعظم کا انتخابی عمل انتشار کا شکار

پی ٹی آئی نے چوہدری رشید کو وزارت عظمی کا امیدوار نامزد کیا ہے تو اپوزیشن کے امیدوار پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسین ہیں

1975284
آزاد کشمیر میں نئے وزیر اعظم کا انتخابی عمل انتشار کا شکار

وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کے معاملے پر حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف میں پھوٹ پڑنے سے  وزارت عظمیٰ کے لیے کسی نام پر اتفاقِ رائے قائم نہ ہو سکا۔

ذرائع کے مطابق ناراض اراکین نے مرکزی قیادت کے فیصلوں کے خلاف بغاوت کر دی ہے اور  اپوزیشن سے رابطے شروع کردیے ہیں۔ بیرسٹر سلطان اور تنویر الیاس گروپ میں مذاکرات ناکامی سے دوچار ہو گئے ہیں اور  وزراتِ عظمیٰ سے پیچھے ہٹنے کو کوئی بھی تیار نہیں۔

حکمران جماعت کے 3 دھڑوں کی جانب سے 5 امیدوار میدان میں ہیں، پی ٹی آئی نے چوہدری رشید کو وزارت عظمی کا امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے پیپلزپارٹی کے چوہدری یاسین کو نامزد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسمبلی میں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے سادہ اکثریت یعنی 27ووٹ درکار ہیں۔  سیاسی  ماہرین نے دعویٰ  کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں پھوٹ   حزب اختلاف کے لیے سود مند ثابت ہو سکتی  ہے۔  ذرائع کے مطابق فارورڈ بلاک اور بیرسٹر سلطان گروپ نے اپوزیشن سے وزارت عظمیٰ کی صورت میں مشروط تعاون کی پیشکش کر دی۔

آج سہ پہر 2بجے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں وزیر اعظم کے عہدے کے لیے انتخاب کا امکان ہے۔ اپوزیشن نے 30 اراکین کی حمایت کا دعویٰ کیا ہے جب کہ  پی ٹی اراکین کی مدد کے بغیر حکومت سازی نہیں جا سکتی ۔

واضح رہے کہ آئین کے تحت وزیر اعظم کے عہدے پر فوری طور پر انتخاب ضروری ہے۔



متعللقہ خبریں