پولیس عمران خان کے گھر کے دروازے توڑتے ہوئے اندر داخل ہو گئی

میں قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں اسی لیے حکومت کے مذموم ارادوں کو جانتے ہوئے بھی اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہونے جا رہا ہوں

1961573
پولیس عمران خان کے گھر کے دروازے توڑتے ہوئے اندر داخل ہو گئی

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوتے ہی پولیس نے زمان پارک میں کاروائی کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا اور  رکاوٹیں ہٹا دیں۔

پولیس کا لاہور میں عمران خان کے گھر زمان پارک میں آپریشن جاری ہے، پولیس عمران خان کے گھر کے دروازے توڑتے ہوئے  اندر داخل ہوگئی۔

زمان پارک کے علاقے کو مکمل سیل کردیا گیا ۔ پولیس کے ساتھ واٹر کینن، بلڈوزر اور قیدیوں کی وین ہے۔ پولیس نے کرین کی مدد سے پی ٹی آئی کے کیمپس اکھاڑ دیے، رکاوٹیں اور  کنٹینر ہٹادیے۔

علاقے سے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے تو  کارکنان کی مزاحمت بھی  جاری ہے ، پولیس پر پتھراؤ کیا گیا  جس پر پولیس نے کارکنوں کو قابو کرنے کےلیے شیلنگ شروع کردی ہے۔

عمران خان نے اپنے ایک  بیان میں کہا کہ پنجاب پولیس کس قانون کے تحت یہ کارروائی کررہی ہے۔ یہ لندن پلان کا حصہ ہے جہاں اس بات کا وعدہ کیا جا چکا ہے کہ مفرور نواز شریف کو اقتدار میں واپس لایا جائے گا۔ تمام کیسز میں ضمانت کے باوجود پی ڈی ایم کی حکومت مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میں قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں اسی لیے حکومت کے مذموم ارادوں کو جانتے ہوئے بھی اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہونے جا رہا ہوں۔ پی ڈی ایم کی حکومت کا واضح مقصد مجھے گرفتار کرنا ہے اور مجھے انتخابی مہم  کی قیادت کرنے سے روکنا ہے۔



متعللقہ خبریں