ایک دوسرےکےساتھ فعال تعاون ملک کوترقی کی راہ پر گامزن کرنےکیلئے ضروری ہے: صدر عارف علوی

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پیر کو اسلام آباد میں گلگت بلتستان حکومت کے زیر اہتمام ’’جی بی ڈریم روڈ شو‘‘ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا

1939795
ایک  دوسرےکےساتھ فعال تعاون ملک کوترقی کی راہ پر گامزن کرنےکیلئے ضروری ہے: صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک کو سماجی و اقتصادی طور پر خوشحال بنانے کے لیے صرف قدرتی و انسانی وسائل کافی نہیں، دانشمندی، پالیسیوں میں مستقل مزاجی، الجھنوں سے گریز اور ایک دوسرے کے ساتھ فعال تعاون ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ضروری ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پیر کو اسلام آباد میں گلگت بلتستان حکومت کے زیر اہتمام ’’جی بی ڈریم روڈ شو‘‘ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید خان، جی بی حکومت کے وزراء اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ گلگت بلتستان انہیں بہت عزیز ہے اور انہوں نے ہمیشہ اس خطے کے سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کے لیے بطور سفیر اس خطے کی نمائندگی کی، سیاحوں کو علاقے میں سہولتیں فراہم کی جانی چاہیں۔

صدر نے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی وسائل جیسے معدنیات، قیمتی جواہرات اور پھلوں سے مالا مال ہے، ہمیں جواہرات کی کٹائی اور فنشنگ کے لیے سائنسی طریقے استعمال کرنے کی ضرورت ہے اور اس طرح کے کام کے لیے درکار ہنر بہت کم وقت میں سیکھے جا سکتے ہیں۔ خطے کے نوجوانوں کے لیے آئی ٹی کی مہارت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ آئی ٹی کی مہارت رکھنے والے افراد آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے پاکستان میں رہتے ہوئے دیگر ممالک میں اپنی خدمات پیش کر کے اپنے لئے روزگار پیدا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر خواتین کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کرنے کے لئے بھی اہم ہے جس وہ اپنے گھروں سے کام کر سکتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مختلف تعلیمی پس منظر سے تعلق رکھنے والے 2.4 ملین افراد نے وزیر اعظم کے ڈیجیٹل سکلز پروگرام، ڈجی سکلز سے فائدہ اٹھایا ہے، ملک کے نوجوانوں اور خواتین کو اہم اور قابل مارکیٹ ڈیجیٹل مہارت فراہم کرنے کے لیے ایسے پروگراموں کو اپنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کا ایک طالب علم جس نے ڈیجیٹل سکلز پروگرام سے اپنی تربیت حاصل کی وہ تقریباًایک لاکھ ڈالر کما رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ جی بی کے لیے زراعت کے میدان میں بھی عمودی کاشتکاری اور ڈرپ فارمنگ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، جی بی نہ صرف اپنی خوراک کی ضروریات پوری کر سکتا ہے بلکہ اس میں ہالینڈ کی طرح دنیا کو برآمد کرنے کی صلاحیت ہے جو پاکستان سے 19 گنا چھوٹا ملک ہے لیکن دنیا میں خوراک پیدا کرنے والا دوسرا بڑا ملک کہلاتا ہے۔



متعللقہ خبریں