پاکستان کی وفاقی کابینہ کی توانائی کے تحفظ کے منصوبے کے نفاذ کی منظوری

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے دیگر وزرا کے ہمراہ آج اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں توانائی بچت کے منصوبے کے حوالے سے بتایا کہ مارکیٹیں رات ساڑھے آٹھ بجے جبکہ ریستوران رات دس بجے بند کردیے جائیں گے

1927498
پاکستان کی وفاقی کابینہ کی توانائی کے تحفظ کے منصوبے کے نفاذ کی منظوری

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے دیگر وزرا کے ہمراہ آج اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں توانائی بچت کے منصوبے کے حوالے سے بتایا کہ مارکیٹیں رات ساڑھے آٹھ بجے جبکہ ریستوران رات دس بجے بند کردیے جائیں گے۔

وزیر دفاع نے کہا ہے کہ زیادہ بجلی استعمال کرنیوالے پنکھوں کی پیداوار یکم جولائی سے روک دی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ بجلی زیادہ استعمال کرنے والے پنکھوں پر اضافی ٹیکس لگایاجائے گا جس سے پندرہ ارب روپے کی بچت کرنے میں مدد ملے گی۔خواجہ آصف نے کہا کہ توانائی کی بچت کے منصوبے کے بارے میں لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے اخبارات، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر مہم چلائی جائے گی۔وزیر دفاع نے کہا کہ پانی کی بچت یقینی بنانے کے لئے پانی کے نرخوں پر نظرثانی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پانی کا بہتر استعمال یقینی بنانے کے لئے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹیز، رہائشی سوسائٹیوں کے قوانین میں ضروری اصلاحات کریں گی۔خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے کابینہ اجلاس کے دوران تمام وفاقی اداروں میں بجلی کے استعمال میں تیس فیصد کمی کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام دفاتر میں بجلی کے آلات کے غیرضروری استعمال سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی۔وفاقی کابینہ نے عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے بیس ادویات کی ریٹیل قیمت میں زیادہ سے زیادہ کمی کی منظوری دی۔خواجہ آصف نے کہا کہ ایف بی آر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ارکان پارلیمنٹ کی الگ ٹیکس ڈائریکٹری شائع کرے۔وزیر دفاع نے کہا کہ زیادہ بجلی استعمال کرنیوالے بلبوں کی پیداوار یکم فروری سے بند کر دی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ اس سے بائیس ارب روپے کی بچت ہو گی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ تمام سرکاری شعبوں میں بجلی بچانے والے آلات کے استعمال کو یقینی بنایاجائے گا جبکہ روایتی اسٹریٹ لائٹس کی جگہ جدید لائٹس کا جلد آغاز کیا جائے گا۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ایک سال کے دوران گیس کی بچت کیلئے گیزرز میں گیس بچانے والے آلات نصب کئے جائیں گے جس سے سالانہ 92 ارب روپے کی بچت ہو گی۔خواجہ آصف نے کہا کہ موٹرسائیکلوں پر صرف ہونے والے تین ارب ڈالر کے پٹرول کی بچت کیلئے الیکٹرک موٹرسائیکل متعارف کرائی جا رہی ہیں۔گھر سے کام کرنے کی پالیسی کے حوالے سے وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم کی زیرصدارت کمیٹی اس تجویز کا جائزہ لے گی اوراس سلسلے میں فیصلہ آٹھ سے دس روز میں کر لیا جائے گا۔وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ توانائی بچت مہم سے موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے بچاؤ میں بھی مدد ملے گی۔وزیر توانائی غلام دستگیر خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کسی بھی شعبے کی نجکاری کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔



متعللقہ خبریں